اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت+ نوائے وقت رپورٹ) نواز شریف نے توشہ خانہ ریفرنس میں بریت کی درخواست دائر کردی۔ احتساب عدالت اسلام آباد میں صدر مملکت آصف علی زرداری، سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس پر سماعت ہوئی۔ نواز شریف کی جانب سے ان کے پلیڈر رانا محمد عرفان پیش ہوئے اور توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس میں ان کی جانب سے بریت کی درخواست دائر کردی۔ پراسیکیوٹر نے کہا کہ اس ایپلیکشن کو نیب ہیڈ کوارٹر بھجوا دیتا ہوں، شارٹ نوٹس کردیں۔ احتساب عدالت نے نواز شریف کی بریت کی درخواست پر دلائل کیلئے 23 مئی کے نوٹس جاری کر دیئے۔ وکیل ارشد تبریز نے کہا کہ صدر کو صدارتی استثنیٰ حاصل ہے ان کی حد تک کیس نہیں چل سکتا۔ نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ صدارتی استثنیٰ کے حوالے سے درخواست مل گئی اس کا جائزہ لے رہے ہیں۔ احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس پر سماعت 3 جون تک ملتوی کردی۔ احتساب عدالت نے صدر زرداری کے خلاف توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس پر کارروائی روک دی۔ صدر کی جانب سے وکیل فاروق ایچ نائیک پیش ہوئے اور انہوں نے صدر کے خلاف کارروائی روکنے کی درخواست دائر کی۔ فاروق ایچ نائیک نے مزید کہا کہ قانون کے مطابق زرداری کو صدارتی استثنیٰ حاصل ہے جبکہ وہ صدر ہیں ان کے خلاف کیس آگے نہیں چل سکتا۔ احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کارروائی روکنے کی درخواست منظور کر لی۔