شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد عارف سندھیلہ نے کہا ہے کہ ملکی ترقی اور سالمیت کیلئے میاں نواز شریف کی کاوشیں قابل ِتعریف ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کی جانب گامزن ہے جو ان شاء اللہ بہت جلد پاکستان کو بحرانوں سے نکال کر دنیا میں ایک منفرد مقام دلائے گی۔ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور اس کا کسان پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی حیثیت رکھتا ہے۔ کسانوںکیلئے ریلیف پیکج کا اعلان کر کے حکومت نے زراعت کے فروغ کی نئی مثال رقم کی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف گندم سکینڈل کی تحقیقات جلد عوام کے سامنے رکھیں گے، کسی کو قومی وسائل کو ضائع کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ملک پر عائد قرضوں کے خاتمہ کیلئے حکومت مربوط لائحہ عمل کے تحت کام کر رہی ہے۔ (ن) لیگ نے ماضی میں بھی ملک میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا تھا اور آئندہ بھی ملکی ترقی کی خاطر بھرپور کردار ادا کرے گی۔