کراچی (نوائے وقت رپورٹ) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے سپیکر سندھ اسمبلی سے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کی چیئرمین شپ اور تعلیم، صحت، داخلہ، خزانہ اور بلدیات سمیت سندھ اسمبلی کی 13 قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ کا مطالبہ کردیا۔ ذرائع کے مطابق کراچی میں سپیکر سندھ اسمبلی قادر شاہ اور وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار سے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے ملاقات کی۔ ایم کیو ایم پاکستان کے وفد میں اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی علی خورشیدی، رکن افتخار عالم اور جمال احمد شامل تھے۔ ایم کیو ایم ذرائع کے مطابق ملاقات میں سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایم کیو ایم نے قائمہ کمیٹی برائے داخلہ، تعلیم، صحت، خزانہ، انڈسٹریز اور بلدیات کو اپنی ترجیحات میں رکھا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی نے اس معاملے پر لیڈر شپ سے مشاورت کے بعد جواب دینے کا کہا ہے۔