تندور مالکان اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ،نان بائیوں نے ہڑتال موخر کر دی

May 08, 2024 | 11:42

 تندور مالکان اور لاہور کی ضلعی انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد نان بائیوں نے ہڑتال موخر کر دی ،شہر بھر کے 15ہزار تندور مالکان نے حکومت کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد آج ہونے والی ہڑتال موخر کر دی ہے ،ضلعی انتظامیہ اور تندور مالکان کے درمیان مذاکرات کے دوران نان بائیوں نے آٹے میں سبسڈی اور 20کلو آٹے کا تھیلا 1700کی قیمت میں دینے کامطالبہ کر دیا جبکہ مذاکراتی ٹیم نے تندور مالکان کو یقین دہانی کروائی کہ ان کے مطالبات حکومت پنجاب کے سامنے رکھیں جائیں گے۔ نان بائی ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر وحیدر عباسی کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کو مطالبات کی منظوری کیلئے وقت دیا گیا ہے ۔ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے کہا ہے کہ روٹی اور نان زائد قیمت پر فروخت کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ خیال رہے کہ نان بائی ایسوسی ایشن نے گزشتہ روز پنجاب بھر میں تندور بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔نان بائی ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ روٹی اور نان کی قیمت کا نیا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے ۔نان بائی ایسوسی ایشن کے مطابق لاہور کی ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ہمارے مطالبات پر خاموشی ہے۔ایسوسی ایشن نے یہ مطالبہ بھی کیا تھا کہ نان کی قیمت کو اوپن کیا جائے، سستی روٹی کے حساب سے آٹا فراہم کیا جائے۔ اس حوالے سے نان بائی ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ جب حکومت سستی روٹی فروخت کرنے کا کہہ رہی ہے توآٹا بھی سستا فراہم کیا جائے ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے گذشتہ روز وفاقی دارالحکومت میں نان اور روٹی کی قیمتوں میں کمی سے متعلق ڈپٹی کمشنر (ڈی سی ) کا نوٹیفکیشن واپس لئے جانے پر نان بائی ویلفیئر ایسوسی ایشن کی درخواست نمٹادی تھی۔عدالت کو بتایا گیا تھاکہ ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد میں 16 روپے روٹی اور 20 روپے نان کی قیمت مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن واپس لے لیاگیا ہے جس پروفاقی دارالحکومت میں نان 30 روپے اور روٹی کی 25 روپے کی پرانی قیمتیں بحال ہوگئی تھیں۔ نان بائی ایسوسی ایشن کے صدر سجاد احمد نے ڈپٹی کمشنر کا نوٹیفکیشن چیلنج کر رکھا تھا، عدالت نے پچیس اپریل کو ڈپٹی کمشنر کا نوٹیفکیشن معطل کیا تھا۔یاد رہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے پنجاب میں روٹی اور نان کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد روٹی کی قیمت 16روپے او ر نان 20فروخت کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔تندور مالکان نے آٹے کی زیادہ قیمت کو جواز بنا کر روٹی اور نان کی نئی قیمتوں کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے ہڑتال کا اعلان کیا تھا

مزیدخبریں