لاہور کے شہریوں کے تحفظ کیلئے محاذ آرائی سے گریز کیا جائے: مریم نواز 

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے محاذ آرائی سے گریز کیا جائے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ ٹویٹ میں انہوں نے لاہور ہائیکورٹ کے باہر ہنگامہ آرائی سے متعلق اظہار خیال کیا۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آئی جی کو ہدایت کی ہے کہ وکلاء کے خلاف طاقت کے استعمال سے گریز کریں۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ وکلاء کو بھی چاہیے معاملات ہائی کورٹ کے ساتھ خوش اسلوبی سے حل کریں۔ لاہور کے شہریوں کے تحفظ کے لیے محاذ آرائی سے گریز کیا جائے۔

خیال رہے کہ وکلاء کی طرف سے سول عدالتوں کی منتقلی اوردہشت گردی کے مقدمات کے خلاف وکلاء نے ایوان عدل سے لاہور ہائیکورٹ تک احتجاجی ریلی نکالی۔ احتجاجی مظاہرین جی پی او چوک پہنچے تو پولیس نے وکلاء کو ہائیکورٹ میں داخلے سے روکنے کی کوشش کی۔وکلاء کے احتجاج کے دوران پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی، پولیس نے وکلا پر بدترین لاٹھی چارج کیا اور انہیں منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی۔پولیس نے مظاہرے میں شریک وکلا کو گرفتار بھی کیا. وکلا نے جی پی او چوک اور ہائیکورٹ کے باہر لگے بیریئرز کو ہٹا دیا. وکلا کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا گیا. جس کے نتیجے میں ایس پی ماڈل ٹاؤن زخمی ہو گئے۔

ای پیپر دی نیشن