لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب یوتھ انٹرن شپ پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ پروگرام نوجوانوں کیلئے پیشہ ورانہ تربیت اور ملازمت کے دروازے کھول دے گا، مستقبل میں کوئی ادارہ اس بنا پر ملازمت دینے سے انکار نہیں کر سکے گا کہ کسی نوجوان کے پاس تجربہ نہیں۔ بڑے دفاتر میں تقرری سے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو لیڈر شپ اور جو انتظامی تجربہ حاصل ہو گا اس سے یہ نوجوان نہ صرف ملک کی تعمیر ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں گے بلکہ زر بابا اور چالیس چوروں کا خاتمہ کر کے دم لیں گے۔ وہ گذشتہ روز اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں 5 ہزار 135 نوجوانوں کو انٹرن شپ پروگرام کے لیٹر تقسیم کرنے کی تقریب میں اظہار خیال کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ انٹرن شپ پروگرام قومی معیشت کی ترقی میں سنگ میل ثابت گا اور ملک کی ترقی میں انقلاب برپا کرے گا۔ آج پاکستان کی تاریخ کا ایک ایسا منفرد موقع ہے جس میں پنجاب یوتھ انٹرن شپ پروگرام کے تحت بے روزگار نوجوانوں کو وظائف دیے جائیں گے اور یہ نوجوان مختلف نجی اور سرکاری اداروں میں تجربہ حاصل کر کے پاکستان کی بھرپور خدمت کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔ آج مجھے پاکستان کے ان نوجوانوں کے طعنے شکوے اور جائز مطالبات پورے کرنے کا موقع مل رہا ہے جو ڈگریاں لے کر مارے مارے پھر رہے ہیں لیکن مناسب تجربہ نہ ہونے پر ملازمتیں نہیں ملتیں اور جگہ جگہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ میں نے اس پروگرام کا آغاز جنوبی پنجاب کے ضلع بہاولپور سے کیا ہے تاکہ یہاں کے نوجوان تیزی سے ترقی کی طرف بڑھ سکیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ بہاولپور کے 5 انٹرن شپ حاصل کرنے والے بے روزگارنوجوانوں کو میں وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں تعینات کروں گا۔ اس کے بعد چیف سیکرٹری آفس، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ اور دیگر دفاتر میں انکی تقرری کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ دینا آپ کا حق ہے اور اس موقع پر میں کوئی انتخابی وعدہ نہیں کر رہا تاہم آئندہ الیکشن میں نوجوان کرپشن اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے اور معیشت کی ترقی کو سب سے پہلے مدنظر رکھیں۔ ہمیں نوجوان نسل سے بہت سی توقعات ہیں۔ زر بابا اور چالیس چوروں کو بھگانے کے بعد یہ 3 اہداف حاصل کر لیں تو پاکستان کو کوئی طاقت سر نگوں نہیں کر سکتی۔ ہم نے زر بابا اور 40 چوروں کو بھگانے اور قومی دولت کو واپس لانے کا عزم کر رکھا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اعلان کیا کہ دسمبر میں ڈے سکالرز کیلئے دوبارہ لیپ ٹاپ سکیم کا اجرا ہو گا اور رواں سال سوا لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیںگے۔ انہوں نے کہا کہ میں اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھوں گا جب تک تمام طلبا اور طالبات لیپ ٹاپ حاصل نہیں کر لیتے۔ ناقدین یہ کہتے ہیں کہ ہم اس طرح پیسہ ضائع کر رہے ہیں حالانکہ لیپ ٹاپ جدید ٹیکنالوجی کے حصول کا ذریعہ ہے اور اس سے پوری دنیا آپ کے کمپیوٹر کی سکرین میں سمو جاتی ہے۔ صوبہ بھر میں سوا لاکھ لیپ ٹاپ 100 فیصد میرٹ پر دیئے ہیں اورآئندہ بھی سوا لاکھ لیپ ٹاپ بلاامتیاز میرٹ پر دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے غیر ملکی امداد تر ک کر کے پاکستان کو اپنے پا¶ں پر کھڑا کرنا ہے۔ ہمیں ایسی چند کوڑیوں کی کوئی ضرورت نہیں جس سے بے گناہ مسلمانوں کا خون کیا جائے۔ پاکستان کی دولت لوٹ کر سوئس بنکوں میں جمع کرائی گئی۔ اسی طرح این آئی سی ایل اور رینٹل پاور پراجیکٹ کی رقم خوردبرد کر دی گئی لیکن نوجوانوں کی بہتری کے لئے ہماری لیپ ٹاپ سکیم سے مخالفین کے پیٹ میں کیوں درد اٹھتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ بہاولپور میں پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل کالج قائم کیا جائے گا جس کا اسلامیہ یونیورسٹی سے الحاق ہو گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماری حکومت خواتین کی فلاح و بہبود اور ان کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں اور خواتین کے قرضوں کیلئے 2 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ ان کو ملازمت کیلئے 3 سال عمر کی اضافی رعایت بھی دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کام کریں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول 2012ءمیں دنیا بھر سے 24 سے زائد ممالک کے کھلاڑیوں کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم امن کے داعی ہیں اور یہاں کھیلوں کے لئے سازگار ماحول موجود ہیں۔ صوبائی دارالحکومت میں انٹرنیشنل مقابلوں میں حصہ لینے کے لئے بھارت، برطانیہ، سری لنکا، ایران اور دیگر ممالک کی ٹیموں کی موجودگی ان لوگوں کے لئے واضح ثبوت ہے جو یہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں کھیل نہیں ہو سکتے۔ میں دعوت دیتا ہوں کہ وہ آئیں اور کھیلوں کے لئے سجا ہوا میدان اپنی آنکھوں سے دیکھیں۔ وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ ہر دو سال بعد بھارتی پنجاب اور پاکستان کے پنجاب کے مابین کرکٹ اور ہاکی کے مقابلے منعقد ہوں گے۔ اس سلسلے میں پہلا ٹورنامنٹ کا انعقاد لاہور میں کیا جائے گا۔ وہ گذشتہ روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پنجاب انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ بھارتی پنجاب کے ڈپٹی وزیر اعلیٰ سکھبیر سنگھ بادل، بھارتی وفد کے ارکان، لاہور میں ایران کے قونصل جنرل محمد بنی اسعدی، صوبائی وزرا، ارکان پارلیمنٹ، معروف کھلاڑیوں اور لوگوں کی بہت بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔ شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھارت سمیت دنیا بھر کی ٹیموں کو لاہور آمد پر دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں اور انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول کے انعقاد سے عوام کو بہترین تفریح اور کھیلوں کے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ انہوںنے کہا کہ گذشتہ 65 سالوں میں پاکستان اور بھارت کے مابین تین جنگوں کے نتیجے میں غربت، بیروزگاری اور تباہی ملی۔ اب ہمیں دوستی کے نئے سفر کا آغاز کرنا ہے او ردونوں ممالک کو تجارت، کھیل، ٹیکنالوجی، درآمدات و برآمدات اور معاشی محازوں پر جنگ لڑنا ہے اور اپنی عوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے مل کر آگے بڑھنا ہے۔ انہوں نے بھارتی پنجاب کے ڈپٹی وزیر اعلیٰ کی دورے کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ آپ اور آپ کے ساتھ آئے ہوئے وفد کو لاہو رآمد پر دل کی گہرائیوں سے جی آیاں نوں کہتے ہیں، آپ کی آمد سے ہمیں بے حد خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں کھیلوں اور تجارت کے ذریعے اچھے ہمسائے اور تعمیری سوچ کا ثبوت دینا ہے اور دنیا پر یہ واضح کر دینا ہے کہ ہم اپنے تمام مسائل مل بیٹھ کر حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ سکھبیر سنگھ بادل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے عوام کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں شہباز شریف جیسا محنتی اور قابل وزیر اعلیٰ ملا ہے جس نے اپنے وژن کے ذریعے کھیلوں کا یہ میلہ سجایا ہے۔ ہمیں لاہور میں آکے جو محبت اور پیار ملا ہے اسے کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔ شہباز شریف مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے نہ صرف پنجاب کے کونے کونے سے بلکہ دنیا بھر کے کھلاڑیوں کو لاہور میں اکٹھا کیا ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کو بھارتی پنجاب میں ہونے والے کبڈی کپ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی دعوت دی۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے پنجاب انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول 2012ءکا باقاعدہ افتتاح کیا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے چند روز قبل بہاولپور کے قریب ٹریفک حادثہ میں جاں بحق ہونے والے 26 افراد کے لواحقین سے مبارک پور جا کر اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور ورثا کیلئے فی خاندان 5 لاکھ روپے اورزخمیوں کیلئے 75 ہزار روپے فی کس امداد دینے کا اعلان بھی کیا۔