حافظ آباد + جلالپور بھٹیاں (نمائندہ نوائے وقت + نامہ نگار) حافظ آباد جلالپور روڈ پر پل ممنا کے قریب کار سواروں نے دیرینہ دشمنی پر فائرنگ کر کے باپ بیٹے سمیت چار افراد کو موت کے گھاٹ اُتار دیا۔ تفصیلات کے مطابق بھون رتہ کے رہائشی خضر، شاہد، بھون وغیرہ اور نذیر احمد بھون کے درمیان تقریباً 12 سال قبل سے قتل کی دشمنی چلی آرہی ہے۔ دونوں گروپوں کی طرف سے اب تک 14 سے زائد افراد قتل ہو چکے ہیں۔ گذشتہ روز نذیر احمد بھون اپنے بیٹے ضیغم اور دو عزیزوں اکرام اور محمد نواز کے ہمراہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر حافظ آباد شہر سے اپنے گاﺅں جا رہے تھے کہ نہر پل ممنا کے قریب خضر، شاہد وغیرہ 4 ملزمان نے اُن کو کار کی سائیڈ مار کر نیچے گرا دیا اور بعدازاں گولیوں کی بوچھاڑ کر دی جس سے نذیر احمد، ضیغم، اکرام اور محمد نواز موقع پر دم توڑ گئے۔ چار افراد کے قتل پر علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حافظ آباد محمد وقاص نذیر پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ یاد رہے کہ دونوں گروپوں کے درمیان 1999ءمیں دشمنی کا آغاز ہوا جس میں دونوں گروپوں کے صاحب خاں، زاہد، محمد اصغر، کنیز، منشا وغیرہ قتل ہو چکے ہیں۔