اسلام آباد + ڈسکہ (نوائے وقت نیوز + نامہ نگار + نمائندہ خصوصی) کل 9 نومبر کو شاعر مشرق مفکر پاکستان علامہ ڈاکٹر محمد اقبالؒ کا 135واں یوم ولادت انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائےگا۔ علامہ ڈاکٹر محمد اقبالؒ 9 نومبر 1877ءکو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے، آپ نے اپنی خوبصورت شاعری کی بدولت برصغیر کے مسلمانوں میں ایک نئی روح پھونکی جس سے مسلمانان برصغیر کے لئے ایک علیحدہ ملک پاکستان کے حصول کے لئے راہ ہموار ہوئی۔ علامہ ڈاکٹر محمد اقبالؒ کے یوم ولادت کے موقع پر ملک بھر میں شاندار تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا جن میں ان کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق وفاقی حکومت نے ملک بھر میں 9 نومبر کو یوم اقبالؒ پر عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔لاہور سے اپنے نامہ نگار سے کے مطابق سرکاری چھٹی کے باعث صوبائی دارالحکومت کی عدالتیں کل بند رہیں گی۔ ایمرجنسی نوعیت کے کیسوں و درخواست ضمانت کی سماعت کے لئے ڈیوٹی جج فرائض سرانجام دینگے۔
علامہ محمد اقبالؒ کا یوم ولادت کل عقیدت و احترام سے منایا جائے گا، ملک بھر میں عام تعطیل ہو گی
Nov 08, 2012