نارتھ ناظم آباد: رینجرز ہیڈکوارٹرکے قریب رہائشی علاقے میں خود کش حملہ, دو افراد جاں بحق, چھبیس زخمی۔

ترجمان رینجرز سندھ کے مطابق خود کش حملہ آورنے نارتھ ناظم آباد بلاک بی میں واقع رینجرز ہیڈ کوارٹرکے قریب رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا۔ حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی اپارٹمنٹس کی دیوارسے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں زورداردھماکہ ہوا۔ دھماکے کے بعد عمارت میں آگ لگ گئی اورایک حصہ منہدم ہوگیا۔ واقعہ کے بعد ریسکیوٹیمیں جائے وقوعہ پرپہنچی اورامدادی کاموں میں حصہ لیا اور زخمیوں کوعباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ایس پی ناظم آباد اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن سمیت اعلیٰ حکام اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جس نے علاقے کا محاصرہ کرکے شواہد اکھٹے کیے جبکہ دو مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا۔ آئی جی سندھ کے مطابق جائے وقوعہ سے خود کش حملہ آورکے اعضاء مل گئے ہیں جوتحقیقات میں مددگارثابت ہوں گے، انہوں نے بتایا کہ دھماکے کی پیشگی اطلاع تھی تاہم جگہ کا تعین نہیں تھا۔ ڈی آئی جی ویسٹ جاوید اوڈھو کے مطابق دھماکے میں سو کلو گرام سے زائد بارودی مواد استعمال کیاگیا، حملہ آور نے گیٹ توڑتے ہوئے گاڑی عمارت سے ٹکرا دی۔ دوسری جانب وزیرداخلہ رحمان ملک نے ڈی جی رینجرزکوٹیلی فون کرکے ان سے دھماکے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ای پیپر دی نیشن