لاہور (خصوصی نامہ نگار) صوبائی وزیر بلدیات و قانون رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کے خلاف اختیارات کی تقسیم نہ کرنے کے حوالے سے بے بنیاد پراپیگنڈہ کیا جارہا ہے‘ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کیلئے نجی پرنٹنگ پریس سے بھی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں، بلدیاتی انتخابات کے لئے قانون سازی کا عمل جمہوری انداز میں مکمل کیا گیا ہے جسکے بعد حلقہ بندیوں کا عمل بھی شفاف اور آزادانہ طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچا۔ تحریک انصاف حلقہ بندیوں کے حوالے سے بے بنیاد پراپیگنڈا کر رہی ہے اور ایک تسلسل کے ساتھ بچگانہ حرکتوں میں مصروف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے کمیٹی روم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ دھاندلی کا ورد کرنے والوں نے حلقہ بندیوں پر ایک بھی اعتراض نہیں اٹھایا ۔ صوبہ بھر میں حلقہ بندیوں پر 4799اعتراضات داخل کرائے گئے ہیں اور یہ ثابت ہوتا ہے کہ عوام نے اس میں بھرپور حصہ لیا ہے۔ ان میں سے 2036کو مسترد کر دیا گیا جبکہ 2763 اعتراضات پر باقاعدہ سماعت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی کے حوالے سے سامنے آنے والے اعتراضات کو بھی ویب سائٹ پر جاری کیا جائے گا ۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ اور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرز کی فہرستیں الیکشن کمشن کو آج مہیا کی جارہی ہیں۔ دعوے سے کہتا ہوں کہ آج تک جتنے بھی بلدیاتی بل آئے ان میں سب سے زیادہ اختیارات کی تقسیم اس بل میں ہوئی ہے۔ پنجاب کا فنانس کمشن بنایا گیا ہے جو انکے مالی معاملات کو دیکھے گا۔ انہوں نے کہا اساتذہ کی طرف سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے خلاف احتجاج بلا جواز ہے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ یہ انتخابات غیر سیاسی نہیں غیر جماعتی ہیں، سیاسی کارکنوں کو ان میں حصہ لینے کی اجازت ہے۔