کراچی (کرائم رپورٹر+ اے این این) کراچی کے علاقے لیاری میں گینگ وار میں ملوث گروپوںکے درمیان لڑائی شدت اختیار کر گئی۔ جمعرات کو بھی پانچ افراد کو اغوا کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ 24گھنٹوں کے دوارن مارے جانے والوں کی تعداد 10 ہو گئی۔ نذیر بلوچ اور بابا لاڈلہ گروپوں میں لڑائی میں شدت اس و قت آئی جب دو روز قبل بابا لاڈلہ کا برادر نسبتی گل حسن مارا گیا۔ دونوں گروپ علاقے پر بالادستی کے لئے ایک دوسرے پر شب خون مار رہے ہیں۔ ناصر اور عاطف بلوچ کی ہلاکت میں ان کے ساتھ زخمی ہونے والے 16 سالہ نوجوان نے سول ہسپتال میں دم توڑ دیا جبکہ مرزا آدم خان روڈ پر ایک 24 سالہ نوجوان کی لاش ملی جس کے ہاتھ پشت پر بندھے ہوئے تھے۔ بہارکالونی میں ایک نوجوان 18 سالہ نادر ولد قادر کو فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا اور آگرہ تاج کالونی میں 30 سالہ ناصر پٹھان کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جس کا تعلق بابا لاڈلا کے گروپ سے بتایا جاتا ہے مزید برآں گھاس منڈی میں ایک 35 سالہ شخص کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق دونوں گروپوں نے ایک دوسرے کے کئی افراد کو اغوا بھی کر رکھا ہے اور دونوں گروپوں کے مسلح افراد مورچہ زن ہوکر فائرنگ کر رہے ہیں جس کی وجہ سے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا طاری ہے او رآگرہ تاج کالونی، بہار کالونی، ٹینری روڈ سمیت لیاری کے کئی علاقوںمیں کاروبار زندگی معطل ہوگیا ہے۔ کراچی میں رینجرز کا ٹارگٹڈ آپریشن جمعرات کو بھی جاری رہا۔ شہر کے مختلف علاقوں کا محاصرہ کرکے گھروں کی تلاشی لینے کے علاوہ سنیپ چیکنگ بھی کی گئی او رٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں ملوث سیاسی کارکنوں سمیت 28 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کیا گیا اور ملزمان کو تفتیشی مراکز پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس نے سٹیل ٹاؤن سے کالعدم تحریک طالبان کے 2 ارکان کو گرفتارکر لیا۔ رزاق اور اقبال کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ اے این این کے مطابق کراچی میں پولیس اور رینجرز نے جاری ٹارگٹڈ آپریشن میں ایک سیاسی جماعت سے وابستہ ٹارگٹ کلرز اور بھتہ خوروں سمیت ایک سو چار جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کیا۔