لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ ن پنجاب نے وزیراعلی شہباز شریف کی صدارت میں ہونے والے پارٹی کے مشاورتی اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرانے کے ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل نہیں کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلی شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ بلدیاتی الیکشن کی تیاریاں کریں پنجاب میں الیکشن وقت پر کرائے جائیں گے۔ اجلاس میں میاں حمزہ شہباز شریف کی تجویز پر یونین کونسلوں کے چیئرمین، وائس چیئرمین، کونسلروں جن میں خواتین، غیر مسلم یوتھ اور لیبر کونسلر شامل ہیں ان کے انتخاب کے لئے کمیٹیاں تشکیل دی گئیں یہ کمیٹیاں اگلے دو روز میں امیدواروں سے انٹرویوز کا سلسلہ مزنگ چونگی کے ایک شادی ہال میں کریں گی۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے احکامات کو تسلیم کرتے ہیں۔ میری ذاتی رائے ہے کہ لاہور ہائیکورٹ فیصلے کے خلاف اپیل نہیں کرنی چاہئے تاہم اگر پارٹی فیصلہ کرتی ہے تو ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی جا سکتی ہے۔