اسلام آباد(ثنا نیوز) ذرائع کے مطابق نئے چیف الیکشن کمشنر کے لئے حکومت اور اپوزیشن نے جسٹس (ر) رانا بھگوان داس کے نام پر اتفاق کیا ہے جس کا باضابطہ اعلان وزیر اعظم نواز شریف کی دورہ چین سے واپسی پر کیا جا ئے گا۔ رانا بھگوان داس کے بطور چیف الیکشن کمشنر تقرر کے لئے حکومت کو قانون سازی کرنا ہوگی ۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ نے رانا بھگوان داس کو چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ سنبھالنے پر رضا مند کرنے کے لئے سینیٹر رضاربانی کو ذمہ داری سونپ دی ہے جو ان سے ملاقات کے بعد انہیں منانے کی کوشش کریں گے۔ حکومت کی جانب سے بھی رانا بھگوان داس کے نام پراتفاق کیا گیا ہے۔ اتفاق رائے کے بعد رانا بھگوان داس کی تقرری کے لئے قانون سازی یا آرڈیننس لایا جاسکتا ہے رانا بھگوان داس بطور فیڈرل پبلک سروس کمشن کے چیئرمین کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔