لاہور (خصوصی نامہ نگار) سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے ارکان نے دل کی بات کہہ دی ہے، وہ استعفے دینا اور ہم لینا نہیں چاہتے، کپتان نے پارٹی کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ عمران خان کی شدت پسندی سے تمام ارکان پریشان ہیں، سنجیدہ ارکان چاہتے ہیں کہ تحریک انصاف اس بحران سے نکل آئے۔ گزشتہ روز اسمبلی احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ جب تک پی ٹی آئی ارکان فرداً فرداً پیش نہیں ہونگے، استعفے منظور نہیں کئے جائیں گے، پی ٹی آئی ارکان نے دل کی باتیں کیں ہیں، یہ ارکان استعفے دینا نہیں چاہتے اور سسٹم میں رہنا چاہتے ہیں جبکہ ہم استعفے لینا نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پوری پارٹی کو اپنے کنٹینر میں رکھنا چاہتے ہیں لیکن یہ اونٹ کسی کروٹ نہیں بیٹھے گا اور آخر میں عمران خان کنٹینر سے نیچے اتر آئیں گے۔ اسمبلی کے 27 ارکان کے استعفیٰ دینے سے اسمبلی پر کوئی اثر نہیں پڑیگا، ہماری ہمیشہ یہ کوشش رہتی ہے کہ اپوزیشن ایوان کا حصہ رہے۔ ارکان کو آفر سے متعلق افواہوں پر انہوں نے کہا کہ کسی ممبر کو کوئی آفر نہیں کی گئی، سپیکر نے پی ٹی آئی ارکان کو علیحدہ علیحدہ بلایا تھا، تحریک انصاف کے ارکان نے ایک ساتھ پیش ہونے کا فیصلہ کیا۔ میں تو اسلئے آیا تھا کہ پی ٹی آئی کہیں فیصلہ تبدیل نہ کر لے۔ پی ٹی آئی ارکان خوفزدہ ہیں کہ کہیں ایک ساتھ استعفے منظور نہ ہو جائیں۔ استعفے منظور نہ ہونا تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) دونوں کی کامیابی ہے۔
رانا ثنا اللہ