لاہور (کامرس رپورٹر) ورلڈ بینک صوبہ پنجاب میں ٹریننگ کے نظام کو سپورٹ کررہا ہے کیونکہ پنجاب حکومت کے پاس افرادی قوت میں ہنر بڑھانے کے لئے حکمت عملی موجود ہے۔ ان خیالات کا اظہار ورلڈ بینک کی سینئر ایجوکیشن سپیشلسٹ، ہیومن ڈویلپمنٹ یونٹ برائے جنوبی ایشیا شیرزاد جے مونامی لطیف (Scherezad J Monami Latif)نے لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا ایک بڑا حصہ پنجاب میں رہتا ہے جبکہ پاکستان کی ک±ل افرادی قوت 60.34ملین میں سے 29.16ملین کا تعلق بھی پنجاب ہی سے ہے۔ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ صوبہ پنجاب میں ہنرمند افرادی قوت کی کس قدر ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ افرادی قوت کی مہارت میں اضافہ کرکے ہنرمند افراد کی قلت کے مسئلے پر قابو پایا جاسکتا ہے۔
، اس مقصد کے لیے سکل ڈویلپمنٹ پراجیکٹ ناگزیر ہیں۔ اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری تجارتی و معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے سرگرم عمل ہے۔