جی ایس پی کا درجہ حاصل کرنے کے باوجود پاکستان ٹیکسٹائل برآمدات بڑھانے میں ناکام

Nov 08, 2015

لاہور ( کامرس رپورٹر) پاکستان یورپی یونین سے جی ایس پی پلس کا درجہ حاصل کرنے کے باوجود ٹیکسٹائل برآمدات میں اضافہ کرنے ناکام رہا ۔ سٹیٹ بینک اور ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ سال سے پاکستان کی برآمدات میں مسلسل کمی ہو رہی ہے ۔ سٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران یورپی یونین کے ملکوں کو پاکستان کی برآمدات میں پچھلے سال کے مقابلے میں 9.41 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ رواں مالی سال یورپی یونین کو پاکستانی برآمدات کا مجموعی حجم 1 ارب 76 کروڑ 29 لاکھ 94 ہزار ڈالر رہا ، جبکہ گزشتہ سال اس عرصے کی برآمدات کا حجم 1 ارب 94 کروڑ 61 لاکھ ڈالر تھا۔ پاکستان کو جنوری 2014 سے یورپی یونین کی طرف سے جی ایس پی پلس کا درجہ دیا گیا تھا ۔ اس وقت وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے سے پاکستان کی برآمدات میں 2 ارب ڈالر سالانہ کا اضافہ متوقع ہے ۔ تاہم گزشتہ مالی سال کے دوران یورپی یونین کو برآمدات میں اس سے پچھلے سال کی برآمدات کے مقابلے میں صرف 4.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا ۔ جبکہ اس سے قبل ایک سال کے دوران یورپی یونین کو برآمدات میں 14.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ یورپی ممالک کو پاکستانی برآمدات میں سب سے زیادہ تقریبا 83 فیصد حصہ ٹیکسٹائل سیکٹر کا ہے۔

مزیدخبریں