موہالی(سپورٹس ڈیسک )بھارت نے جنوبی افریقہ کو پہلے ٹیسٹ میچ میں تیسرے ہی دن 108 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔بھارتی ٹیم نے دوسرے روز کے سکور دو وکٹوں پر 125 رنز سے اننگز شروع کی تو مجموعی طور پر 142 رنز کی برتری حاصل تھی لیکن پوری ٹیم 200 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ عمران طاہر اور ہارمر نے چار چار وکٹیں حاصل کیں ۔فاسٹ بائولر ڈیل سٹین انجری کے باعث بائولنگ کے لیے میدان میں نہیں آسکے۔جنوبی افریقہ کو میچ میں فتح کیلئے 218 رنز کا ہدف ملامگر پوری ٹیم 109 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ وین زیل 36، ایلگر 16 اور ہارمر کے 11 رنز کے سوا کوئی کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور نہیں کرپایا۔ آل رائونڈر رویندر جڈیجا نے پانچ، ایشون نے تین ، مشرا اور ورون ارون نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جدیجہ کو میچ کابہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔بھارت نے پہلی اننگز میں 201 رنز جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم 184 رنز بناسکی تھی۔