ممبئی (نیوز ڈیسک) بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شمالی مسلم اکثریتی شہر مالیگائوں میں 7 برس قبل ہونے والے بم دھماکے کی مرکزی ملزمہ اور آر ایس ایس کی لیڈر سادھوی پراگی کی مہاراشٹر کی خصوصی عدالت نے درخواست ضمانت مسترد کردی۔ سادھوی نے ایک ہفتہ قبل عدالت میں درخواست دی تھی کہ اسے چھاتی کے سرطان کا مرض لاحق ہوگیا ہے اسلئے اسے علاج کرانے کیلئے ضمانت پر رہا کیا جائے تاہم نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی ’’این آئی اے‘‘ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ سادھوی کا دوران حراست گورنمنٹ کے ہسپتالوں میں باقاعدہ علاج جاری ہے۔ اسلئے اسے ضمانت کی ضرورت نہیں۔ عدالت نے دلائل سے اتفاق کیا۔ واضح رہے کہ سادھوی پراگی نے مالیگائوں میں مسجد کے باہر دھماکہ کرنے کیلئے بم بردار موٹر سائیکل تیار کراکر کھڑا کرایا تھا۔ 29 ستمبر 2008ء کو ہوئے اس دھماکے میں 8 بے گناہ مسلمان شہید اور 100 سے زائد شدید زخمی ہوگئے تھے۔ اس سے کچھ روز قبل عدالت نے کیس کے سب سے بڑے ملزم لیفٹیننٹ کرنل پرشاد پروہت دیانند پانڈے المعروف سوامی امرت آننددیو، راکیس دھاوڑے اور میجر (ر) رشیں اوپادھیائے کی طرف سے دائر ضمانت کی درخواستیں بھی مسترد کردی تھیں۔
’’مالیگائوں دھماکہ‘‘ مرکزی ملزمہ سادھوی پراگی کو بریسٹ کینسر ہوگیا، کرنل پروہت کے بعد اسکی بھی درخواست ضمانت مسترد
Nov 08, 2015