اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارے سڑکوں پر آنے کے اچھے نتائج نکل رہے ہیںحکومت نے اپنی جانب سے چار سوالوں کے جواب دئے ہیں سپریم کورٹ کی دو سماعتوں میں مسئلہ حل ہوجائے گا اب ہم کوئی ایسی چیز نہیں کریں گے جس سےسپریم کورٹ میں زیر سماعت پانامہ لیکس کیس پر منفی اثر پڑے انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کے روز سپریم کورٹ سے واپسی پر بنی گالہ میں اپنی رہائشگاہ پر لیگل ٹیم سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد ، پی ٹی آئی کے رہنماء جہانگیر ترین ، نعیم الحق ، ڈاکٹر شہزاد وسیم ، فیصل جاوید خان ، افتخار درانی ، عثمان ڈار بھی ان کے ہمراہ تھے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پانامہ پیپرز میں ہمارا نہیں نواز شریف اور ان کی فیملی کے ارکان کے نام آئے ہیں میں نے لندن میں فلیٹ1983 ء میں خریدا تھا جب شوکت خانم ہسپتال کا نام و نشان نہیں تھا اور میری والدہ زندہ تھیں فلیٹ خریدنے کے سات سال بعد شوکٹ خانم بنانے کا کام شروع کیا تھا اپنا حساب دینے کیلئے ہم تیار ہیں لیکن پہلے وزیر اعظم نواز شریف اپنا حساب دیں لیکن انہوں نے اٹھارہ دن بعد بھی دو ہفتے کی مہلت مانگی لیکن سپریم کورٹ نے جو وقت دیا اس پر خوشی ہوئی ہے وزیر اعظم نے سات ماہ قبل کہا کہ میں احتساب کیلئے تیار ہوں لیکن ابھی تک انہوں نے اپنے مکمل کاغذات جمع نہیں کرائے جبکہ عدالت میںوزیر اعظم کے وکیل نے کہا کہ مریم نواز شریف ان کی زیر کفالت نہیں ہیں جبکہ ہم عدالت میں ثبوت دیں گے کہ مریم نواز ان کی ہی زیر کفالت ہیں۔