اسلام آباد (صباح نیوز) خاتونِ اوّل بیگم ممنون حسین نے کہا ہے کہ خواتین کا کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینا خوش آئند ہے، یہ اقدام نہ صرف صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کا باعث ہے بلکہ خواتین کو بااختیار بنانے اور خوشحال معاشرے کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔ اِن خیالات کا اظہار پاکستان ریڈکریسنٹ وومن فورم کے زیراہتمام بچیوں کے عالمی دِن کے موقع پر ایوانِ صدر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بیگم ممنون حسین نے زندگی کے مختلف شعبوں میں کارہائے نمایاں انجام دینے والی خواتین کی زندگیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی وخوشحالی میں عورت کا کردار مسلمہ حقیقت ہے۔ پاکستان ریڈکریسنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الٰہی نے کہا کہ پاکستان ریڈکریسنٹ وومن فورم خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ اِس موقع پر سابق فٹبالر ثناء محمود اور امبر رشید نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے آخر میں فٹبال ٹورنامنٹ کی رنر، رنر اَپ ٹیموں میں ٹرافیاں تقسیم کی گئیں اور معذور خواتین کو وہیل چیئرز بھی دی گئیں۔ تقریب میں سفارتکاروں، ارکان سینٹ، مقامی و عالمی ،غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندگان، طلبہ و طالبات اور خواتین رضا کاروں نے شرکت کی۔