کراچی (اسٹا ف رپو رٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ جانوروں کے غیرقانونی ذبیحے کو روکنے کے لئے اینیمل سلاٹرنگ کنٹرول ایکٹ کے تحت میونسپل مجسٹریسی نظام کو موثر بنایا جائے اور کے ایم سی کے زیر انتظام مذبحہ خانوں اور 26 گوشت مارکیٹوں میں موجود دکانوں کو دیگر چیزوں کے بجائے صرف گوشت کی فراہمی کے لئے مخصوص کرنے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق گوشت کی فراہمی یقینی بنائی جائے،شہرکی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ناردرن بائی پاس کے قریب اورنگی میں نیامذبحہ خانہ تعمیر کیا جائے گا جہاں یومیہ تین ہزار جانوروں کے ذبیحے کی گنجائش ہوگی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز اپنے دفتر میں محکمہ ویٹرنری سروسز کے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی، چیئرمین اراضیات کمیٹی ارشد حسن، چیئرمین ویٹرنری کمیٹی سید مزمل شاہ میونسپل کمشنر ڈاکٹر اصغر عباس، ڈائریکٹر ویٹرنری سروسز محمد فاروق سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔