لاہور (خصوصی نامہ نگار)برصغیر کے عظیم صوفی بزرگ حضرت سید علی بن عثمان الہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخشؒ کے974ویں سالانہ عرس مبارک کی تین روزہ تقریبات آج سے شروع ہوں گی۔ محکمہ اوقاف و مذہبی امور کی طرف سے تیاریوں کو حتمی شکل دیدی گئی۔ آغاز رسم چادر پوشی اور دودھ کی سبیل کے افتتاح سے ہوگا۔ جمعہ تک جاری رہنے والی تقریبات کے سلسلہ میں قومی محفل حسن قراۃ، محفل نعت اور محافل سماع کے انعقاد سمیت سیمینارز کا انعقاد کیا جائیگا۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ محکمہ اوقاف نے عرس کے اخراجات کیلئے ایک کروڑ روپے کی رقم مختص کی ہے۔