لاہور(نامہ نگاران+ ایجنسیاں) پنجاب سمیت ملک کے مختلف حصوں میں دھند اور سموگ کا سلسلہ جاری جس کے نتیجے میں گزشتہ روز بھی مختلف ٹریفک حادثات میں مزید 3خواتین سمیت 14 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے، حد نگاہ انتہائی کم ہونے پر موٹر وے کے مختلف سیکشنز ٹریفک کیلئے بند کر دیئے گئے۔ دھند اور سموگ سے لاہور ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثرہوا‘ 10انٹرنیشنل پروازوں کی آمدورفت تاخیر کا شکار ہوئی‘ اندرون ملک پروازیں بھی متاثر رہیں۔ملتان میں بھی 4 پروازیں منسوخ ہوگئیں، فیصل آباد ائیرپورٹ پر بھی کئی پروازیں منسوخ‘ ملک بھر سے آنے والی تمام ٹرینیں بھی تاخیر کا شکارہیں۔دھند کے باعث ٹرینوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے، متعدد ٹرینوں کی آمد بھی تاخیر کا شکار ہے۔ محکمہ موسمیات نے مزید 4 روز تک شدید دھند کی پیش گوئی کردی۔موٹر وے پر سیال موڑ کے قریب 20سے زائد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس میں ایک شخص جاں بحق اور 25 افراد زخمی ہوگئے‘ 5زخمیوں کی حالت نازک ہے۔ فیصل آباد میں 2 ٹرکوں کے ٹرانے سے 4 افراد جاں بحق 24 زخمی ہو گئے۔ شیخوپورہ جی ٹی روڈ پر دھند کے باعث 3گاڑیاں ٹکرا گئیں جس میں 5 افراد زخمی ہوئے۔ اوکاڑہ میں منڈی احمد آباد کے قریب دھند کے باعث دو موٹر سائیکلوں کی ٹکر ہوئی، حادثے میں خاتون زندگی کی بازی ہار گئی۔ پاکپتن میں حادثے کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوئے‘ سکھر میں حادثات کے نتیجے میں 3افراد جاں بحق اور 5زخمی ہوئے۔گوجرانوالہ ریلوے سٹیشن کے قریب دھند سے ٹرک نجی کالج کی بس سے ٹکرا گیاجس سے 4طالبعلم معمولی زخمی ہوگئے۔جھنگ میں چنیوٹ روڈ پر دھند کے باعث ٹرک کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے خاتون جاں بحق اور 2افراد زخمی ہوگئے جبکہ بہاولپور میں سموگ سے گاڑی کی زد میں آکر خاتون جاں بحق ہوگئی۔ موٹر وے ایم ٹو پنڈی بھٹیاں کے قریب آٹھ گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں ذوالفقار نامی شخص جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے۔ موٹر وے کوٹ سرور انٹرچینج کے قریب کار، مزدا اور دیگر گاڑیاں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں انصر اور بشیر جاں بحق جبکہ 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔راجن پور،گجرات، کمالیہ، چیچہ وطنی اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت بیشتر شہروں میں دھند اور سموگ سے ٹریفک حادثات میں 10سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ ادھر رات کو حدنگاہ صفر ہونے پر موٹروے کو بابو صا بو لاہور سے کوٹ مومن تک، ایم تھری پنڈی بھٹیاں سے فیصل آ باد کو ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا۔ ترجمان موٹر وے کے مطابق موٹروے، نیشنل ہائی وے پر شدید دھند چھا گئی۔ ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن، پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد مکمل بند رہی۔ لاہور سے ساہیوال حد نگاہ صفرہوگئی‘ ساہیوال سے رحیم یار خان حد نگاہ صفر سے 100 میٹر تک رہی۔گوجر خان میں مندرہ کے مقام پر حد نگاہ 100 سے 150 میٹر ہے۔ ایم فور فیصل آباد سے گوجرہ اوپن خانیوال سے ملتان اوپن ہے‘ عارفوالا میں شدید دھند سے بورے والا، ساہیوال، بہاولنگر اور پاک پتن جانے والی ٹریفک بھی بند ہے۔ لاہور سے بہاولپور، احمد پور شرقیہ سے کوٹ سبزل، جی ٹی روڈ پر کالا شاہ کاکو سے کامونکی تک حد نگاہ صفر ہونے سے ٹریفک کو داخلہ بند کردیا گیا۔ دوسری طرف سندھ اور خیبرپی کے کے میدانی علاقوں میں بھی دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ تاہم محکمہ موسمیات نے اگلے ہفتے ملک کے بالائی علاقوں میں ہلکی بارش کی نوید سنا دی جس سے آئندہ ہفتے کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی اور بارش کے بعد سموگ بتدریج کم ہو کر ختم ہوجائے گی۔ دوسری طرف نیشنل ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن کمپنی کے ماہرین سموگ کیلئے تیار کئے جانے والے بجلی کے نظام کا جائزہ لینے کیلئے چین روانہ ہو گئے۔ ماہرین تمام پہلوئوں کا جائز ہ لے کر پاکستان میں سموگ سے متاثرہ علاقوں میں بھی اسی طرح کے نظام پر عملدرآمد کے لئے پیشرفت کریں گے۔ سرکاری ریڈیو کے مطابق ماہرین کی ٹیم چین بھیجنے کا فیصلہ گزشتہ روز پاور ڈویژن کے وزیر سردار اویس احمد خان لغاری کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس نئے موسمی حالات کے باعث بجلی کے تعطل سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے طلب کیا گیا تھا۔ دریں اثنا بی بی سی کے مطابق پنجاب کے محکمہ ماحولیاتی تحفظ کے سیکرٹری سیف انجم نے بتایا کہ اس کی بنیادی وجہ موسم سرما کے آغاز پر درجہ حرارت میں کمی، نمی میں اضافہ اور فضا میں پائی جانے والی آلودگی کے ساتھ پڑوسی ملک انڈیا سے آنے والے دھوئیں کے بادلوں کا مجموعہ ہے۔ قصور، ننکانہ، صفدر آباد ، ساہیوال، رینالہ خورد، سرگودھا میں بجلی کی طویل غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اور گیس کی بندش نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا اور نظام زندگی ٹھپ ہو کر رہ گیا۔ بعض شہروں میں دورانیہ 20 گھنٹے تک پہنچ گیا۔ گھنٹوں طویل لوڈشیڈنگ سے شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے اور شدید احتجاج کیا۔ مساجد میں نمازیوں کو وضو کے لئے بھی پانی میسر نہ تھا ۔ بھارت میں سموگ کے باعث ایمرجنسی نافذ حکومت نے عارضی طور پر تمام پرائمری سکولوں کو بند کرنے کا حکم دے دیا۔ نئی دہلی کے وزیراعلی مانیش سوڈیا نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پرائمری لیول کے سکولوںکو ایک روز کے لئے بندکیا ہے سموگ کی صورتحال کا ہر گھنٹے سے جائزہ لیا جارہاہے۔ اگر ایسی صورتحال رہی تو مزید چھٹیوں کا اعلان کر دیں گے۔
سموگ :ٹریفک حادثات مزید 14 جاں بحق چھوٹے شہروں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ 20 گھنٹے تک جاپہنچی
Nov 08, 2017