ہائیکورٹ مصالحتی کمیٹی نے اندراج مقدمہ کی تصفیہ طلب درخواست جلد نمٹانے کا ئحہ عمل طے کر لیا

Nov 08, 2017

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کی مصالحتی کمیٹی نے عدالتوں اور تھانوں میں اندراج مقدمہ کے لئے آنے والی تصفیہ طلب درخواستیں جلد نمٹانے کے لئے لائحہ عمل طے کر لیا۔ کمیٹی نے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن اور مصالحتی کمیٹی کو مزید فعال بنانے اور اس میں سول سوسائٹی کے نمائندوں کو شامل کرنے سے متعلق تجاویز طلب کر لیں۔ جسٹس انوارلحق کی سربراہی میں کمیٹی کے اجلاس میں جسٹس شاہد بلال حسن اور سینئیر قانون دان میاں ظفر اقبال کلانوری نے شرکت کی۔کمیٹی کے روبرو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور عابد حسین قریشی اور سی سی پی او لاہور نے عدالتوں اور تھانوں میں اندراج مقدمہ کے لئے آنے والی تصفیہ طلب درخواستوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔میاں ظفر اقبال کلانوری نے کہا کہ اندراج مقدمہ کی زیادہ درخواستیں تصفیہ طلب ہوتی ہیں جنہیں مصالحتی طریقے سے فوری طور پر نمٹایا جا سکتا ہے۔ تصفیہ طلب معاملات تھانیدار کے ذریعے حل کرنے کی بجائے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن مصالحتی کمیٹی کے ذریعے حل کیا جائے تو اس سے نہ صرف فوری انصاف کی فراہمی کا عمل مکمل ہو گا بلکہ عدلیہ پر مقدمات کا دباو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

مزیدخبریں