لاہور( این این آئی)صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ پارٹی یا نواز شریف کی طرف سے خواجہ آصف کو قطعاً آصف علی زرداری سے رابطہ کرنے یا کرانے کی ذمہ داری نہیں سونپی گئی۔ زرداری اینٹ سے اینٹ بجانے نکلے تھے لیکن پھر خود ہی ملک سے نکل گئے ، واپس آنے کے لئے معاملات طے کرکے آئے ہوں گے اوراس میں یہ بھی ہو سکتا ہے کہ نواز شریف کو ہٹانے میں معاون ہوں گے ، میری اطلاع کے مطابق آصف زرداری نے جو تقریر کی تھی اس کے بعد نواز شریف نے ان سے ملاقات سے انکار کیا تھا ۔ ایک انٹر ویو میں راناثنا اللہ خان نے کہا کہ ایک وکیل جو خواجہ آصف کے قریبی عزیز ہیں لیکن وہ پیپلز پارٹی سے وابستگی رکھتے ہیں انہوں نے کیس کیلئے ان کی خدمات حاصل کرنے کی بات کی تو انہوںنے کہا کہ انہیں آصف علی زرداری نے منع کیا ہے ۔ خواجہ آصف نے اس سلسلہ میںآصف زرداری سے بات کرنی تھی کہ انہیں اجازت دیدیں۔ اگر پیپلز پارٹی والے نواز شریف سے ایک ملاقات نہ ہونے پر بدلہ لینا چاہتے ہیں تو ان کی جمہوریت کے ساتھ کمٹمنٹ او ران کی روایات کا اندازہ لگایا جا سکتاہے ۔ رانا ثنا اللہ خان نے اس سوال کہ آصف علی زرداری کس کی زبان بول رہے ہیں پر کہاکہ اس کیلئے ایک لفظ اسٹیبلشمنٹ بنا ہے ہو سکتا ہے وہ ان کی زبان بول رہے ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پی ٹی آئی یا پی پی میں سے کوئی بھی ہمیں ٹف ٹائم دینے کی پوزیشن میں نہیں بلکہ ان کے پاس تو کھڑے کرنے کے لئے امیدوار نہیں ہیں ، عمران خان کی گرما گرمی صرف جلسوں تک محدود ہے ،(ن) لیگ2018ء کے انتخابات میں 2013ء سے بہتر نتائج دے گی ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر حلقہ بندیوں میں تاخیر ہوئی تو انتخابات میںتاخیر ہو سکتی ہے اور سب کو معلوم ہے کہ اس کی ذمہ داری کس پر عائد ہو گی ۔ انہوں نے مجلس وحدت المسلمین کے رہنما ناصر شیرازی کے اغواء کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ پنجاب حکومت کے ماتحت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروںاور ایجنسیوں سے تصدیق کی گئی ہے اور کسی نے بھی انہیں اٹھایا او راس کی تحقیقات جاری ہیں۔ مجھے تویہ علم ہی نہیں کہ ناصر شیرازی نے میرے خلا ف عدالت میں کوئی درخواست دائر کر رکھی ہے کیونکہ مجھے کوئی نوٹس نہیں ملا ۔ ہمارے اور حکومت کے خلاف ہر روز پٹیشن دائر ہوتی ہے ،میڈیا میں لوگ کس طرح کے بے بنیاد او ربیہودہ الزامات لگاتے ہیں ۔اور کوئی ذمہ داری ڈالنے کے لئے ملا نہیں ہم تو پھر ہیں اس لئے ہمارے اوپر ڈال دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر پارٹی کی کوئی مجبوری نہ ہوئی تو شہباز پنجاب کے عوام کی ہی خدمت کریں گے کیونکہ وہ ڈیزائن ہی پنجاب کے لئے ہوئے ہیں او ران کی قیادت میں پنجاب مزید آگے جائے گا۔
نواز شریف نے خواجہ آصف کو زرداری سے رابطے کی ذمہ داری نہیں سونپی : رانا ثناء
Nov 08, 2017