کابل+ برسلز (نوائے وقت رپورٹ+ اے ایف پی+ نیٹ نیوز) کابل میں داعش کے دہشتگردوں نے نجی ٹی وی چینل کے دفتر پر حملہ کر دیا جس میں خاتون سمیت 2 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہو گئے۔ زبردستی ٹی وی کی نشریات بند کر دیں۔ ذرائع کے مطابق مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ گارڈ کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا۔ علاقہ فائرنگ اور دھماکوں کی آوازوں سے گونج اٹھا۔ افغان میڈیا کے مطابق فوجی وردیوں میں ملبوس 4 حملہ آوروں نے نجی ٹی وی شمشاد چینل کے مرکزی دروازے پر دھماکہ کیا اور فائرنگ کرتے ہوئے اندر داخل ہوگئے۔ دفتر میں 150 کے قریب ملازمین موجود تھے۔ ادھر سیکرٹری جنرل نیٹو جینز سٹولٹنبرگ نے کہا ہے کہ امریکہ افغانستان میں مزید 3ہزار فوجی بھیجے گا۔ 39 ممالک کے 13 ہزار فوجی تعینات ہیں۔ گزشتہ ہفتے افغانستان میں مشکل رہے۔ افغان فورسز نے بڑے حملوں کا سامنا کیا‘ پاکستان سے دہشت گردی کیخلاف مکمل تعاون چاہتے ہیں۔ نیٹو افغانستان کی مدد جاری رکھے گا‘ نئے فوجی عسکری تربیت دیں گے۔ افغانستان کو ایک ارب ڈالر سالانہ دئیے جائیں گے۔ آدھے فوجی امریکی ہونگے‘ یوں مجموعی تعداد 16000ہو جائیگی‘ مقصد طالبان کو واضح پیغام بھیجنا ہے کہ وہ جنگ نہیں جیت سکتے۔ افغان سپیشل آپریشنز فورسز کی تربیت پر توجہ ہے۔ فضائیہ کی ترقی کیلئے تعاون ہو گا۔ یہ طالبان کیخلاف موثر ہتھیار ثابت ہوئی ہے۔