بحرین: شاہی خاندان کے شیخ کوبھارتی اداکاروں سے ملاقات کا معاہدہ منسوخ کرنامہنگا پڑا

لندن (این این آئی)برطانیہ کی ہائیکورٹ میں مصر کے ایک تاجر نے بحرین کے شاہی خاندان کے شیخ پر 3 کروڑ 50 لاکھ پاؤنڈ ہرجانے کا مقدمہ کردیا۔انڈیپنڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق شیخ حماد عیسیٰ علی الخلیفہ پر الزام ہے کہ انہوں نے درجنوں بولی وڈ اسٹارز کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے کیے جانے والے معاہدے سے خود کو علیحدہ کرلیا تھا۔یہ معاہدہ انہوں نے مصر کے تاجر سے کیا تھا جنہوں نے انہیں بھارت اور دبئی کے لکڑری ہوٹلز میں 'فہرست میں شامل' اداکاروں کے ساتھ 15 منٹ گزارنے کی پیشکش کی تھی، یہ فہرست انہوں نے خود تیار کی تھی۔بحرین کے بادشاہ کے کزن اور ملک کے نائب وزیراعظم کے بھتیجے کے بارے میں بتایا گیا کہ انہوں نے 26 بولی وڈسٹارز کی فہرست تیار کی تھی جن سے وہ ملاقات کے خواہشمند تھے، ان میں انیل کپور، امیتابھ بچن اور دپیکا پڈوکون شامل تھیں۔مصری تاجر احمد عدیل عبداللہ احمد کی جانب سے لندن کی ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست کے مطابق بحرین کے شیخ نے مذکورہ ملاقاتوں کے لیے فی کس 10 لاکھ 15 ہزار پاؤنڈ ادا کرنے اور اضافی طور پر بونس اور اخراجات ادا کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی تھی۔انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ شیخ نے ٹائمز آف انڈیا فلم ایواڈ کے لیے 3 لاکھ 80 ہزار پاؤنڈ کی رقم بطور اسپانسر ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی تاکہ وہ وہاں بولی وڈ ستاروں کے درمیان گھل مل سکیں لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔مصری تاجر کا کہنا تھا کہ کام کے دوران مثبت تعلقات قائم ہوئے لیکن مجھے دھوکہ دیا گیا۔دوسری جانب شیخ نے مصری تاجر کے دعوؤں کی تردید کی اور کہا کہ انہوں نے ایسا کوئی معاہدہ نہیں کیا تھا۔عدالت میں جمع کرائے جانے والے جواب میں شیخ کا کہنا تھا کہ مصری تاجر کی جانب سے ان پر ڈالے جانے والے دباؤ کے باعث انہوں نے خود کو اس معاہدے سے علیحدہ کیا، جن کی جانب سے کثیر رقم کا مطالبہ کیا جانے لگا تھا اور ایسی ملاقاتیں کروانے کی خواہش کا اظہار کیا جارہا تھا جو ممکن نہیں تھیں۔

ای پیپر دی نیشن