اگلی حکومت پھر ہماری ہے : زرداری وزیراعظم کا دورہ چین ناکام رہا بلاول

Nov 08, 2018

اسلام آباد+ خیر پور (ایجنسیاں) سابق صدر نے کہا ہے کہ اگلی حکومت پھر ہماری ہے۔ خیر پور میں عوامی اجتماع سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا ہے، کچھ عناصر ہمارے اور عوام کے درمیان دوریاں پیدا کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم عوام سے دور نہیں رہ سکتے۔ آپ نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا لیکن کچھ دوریاں ہو گئی تھیں، چاہتا ہوں کہ آپ سے محبت کا رشتہ قائم رہے۔ بھٹو اور بے نظیربھٹو کا مشن عوام کی خدمت تھا۔ میری زندگی کا مقصد بے نظیر بھٹو کا مشن آگے بڑھانا ہے، ہم خدمت کرتے رہیں گے۔ علاوہ ازیں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا ہے کہ صاف شفاف احتساب کے نظام کو مضبوط کیا جاتا ہے تو پی پی پی اس حوالے سے تعاون کرے گی، وزیراعظم کا دورہ چین ناکام رہا تاہم جو معاہدے ہوئے ان کی تفصیلات ابھی تک نہیں مل سکیں، قومی احتساب بیورو سیاسی انتقام کے لئے بنایا گیا تھا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے بجٹ پر کٹوتی کا کوئی جواز نہیں ہے آزاد خطہ کے عوام کو حکومت کیا پیغام دینا چاہتی ہے ، جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے میں پیش رفت کی جائے مکمل تعاون کی پیش کش کا مثبت جواب نہیں ملا، مشترکہ معاشی میثاق بنانے کی تجویز دے چکے ہیں، حکومت دھمکی کی بات کر رہی ہے، اس کو سیاست کو سمجھنا مشکل کام ہے، انتخابات کے بعد پیپلز پارٹی اپنا سیاسی کھیل کھیل سکتی تھی مگر پی پی پی نے آئین پر عمل کرتے ہوئے ایسا قدم نہیں اٹھایا۔ کسی بھی دھمکی کا جواب دے سکتے تھے۔ میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ مشکل معاشی صورتحال میں تحریک انصاف کی حکومت عوام سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کر رہی ہے بلکہ گیس، پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر کے غریب عوام پر بوجھ ڈالا گیا۔ منشور میں کہا گیا تھا کہ بھیک نہیں مانگیں گے عوام کو روزگار دیں گے، مہنگائی کو کم کریں گے۔ حکومت کی اپنی کوئی خارجہ پالیسی نہیں ہے اور نہ ہی تجارتی پالیسی ہے۔ معاشی صورتحال سے ہر پاکستانی پریشان ہے۔ حکومت کی معاشی اصلاحات کے حوالے سے کوئی پالیسی واضح نہیں ہے۔ وزیراعظم کچھ کہہ رہے ہیں جبکہ وزراءکچھ اور کہہ رہے ہیں۔ جب تک ملک میں سب کیلئے ایک قانون نہیں ہوگا تب تک انتقامی سیاست ختم نہیں ہو گی۔حکومت اپنی رِٹ قائم نہیں رکھ سکتی تو نیا پاکستان کیوں بنایا تھا؟، تحریک انصاف سو دنوں کے وعدے پورے کرنے میں کامیاب ہوتی نظرنہیں آتی، دھمکیاں وہ دیتے ہیں جو خود کو غیر محفوظ تصور کرتے ہیں، ہم گورنر راج جیسی دھمکیوں کو خاطر میں نہیں لاتے، اگر 100 دنوں میں حکومت نے جنوبی پنجاب صوبہ بنایا یا سنجیدہ قدم اٹھایا تو تعریف کریں گے۔

زرداری، بلاول

مزیدخبریں