مسلم لیگ (ن) کی آرگنائزنگ کمیٹی میں 5 ارکان کا اضافہ، تعداد 23 ہوگئی

Nov 08, 2018

لاہور، اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ محمد نواز رضا۔وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ(ن) کے کنوینر احسن اقبال کی سربراہی میں قائم حالیہ 18 رکنی آرگنائزنگ کمیٹی میں مسلم لیگ(ن) کے صدر میاں شہبازشریف نے پانچ مزید ارکان کا اضافہ کر دیا ہے جس کے بعد آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان کی تعداد 23ہوگئی ہے۔ آرگنائزنگ کمیٹی میں نئے شامل کیے جانے والے مسلم لیگی رہنمائوں میں میاں جاوید لطیف‘ سید جاویدعلی شاہ‘ مصدق ملک‘ محمدزبیر اور جمال شاہ کاکڑ شامل ہیں۔ دوسری طرف باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ ن کی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین احسن اقبال نے کمیٹی کا اجلاس آج طلب کرلیا ہے۔ اگر آج تمام ارکان اسلام آباد نہ پہنچ سکے تو اسلام آباد میں موجود کمیٹی کے ارکان سے آج مشاورت کرلی جائے گی۔ بصورت دیگر اجلاس اگلے روز بھی منعقد ہوسکتا ہے۔ احسن اقبال نے بدھ کو کمیٹی کے ارکان کو اس بات کا عندیہ دیا ہے کہ اجلاس آج بلایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی ہفتہ عشرہ کے دوران اپنی سفارشات تیار کرے گی۔ پہلے مرحلہ میں مرکز میں سیکرٹری جنرل اور چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر و گلگت بلتستان کے عہدیداران کی نامزدگی عمل میں لائی جائے گی۔ چاروں صوبوں کے صدور کو ضلعی و تحصیل سطح پر پارٹی آرگنائز کرنے کا اختیار دیا جائے گا۔ مرکزی آرگنائزنگ کمیٹی ماہ رواں کے وسط میں اپنی سفارشات پارٹی کے قائد نواز شریف اور صدر میاں شہباز شریف کو پیش کردے گی۔ دریں اثنا لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق اٹھارہ رکنی آرگنائزنگ کمیٹی میں مسلم لیگ(ن) کے صدر میاں شہبازشریف نے پانچ مزید ارکان کا اضافہ کر دیا ہے جس کے بعد آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان کی تعداد 23ہوگئی ہے۔ آرگنائزنگ کمیٹی میں نئے شامل کیے جانے والے مسلم لیگی رہنمائوں میں میاں جاوید لطیف‘ سید جاویدعلی شاہ‘ مصدق ملک‘ محمدزبیر اور جمال شاہ کاکڑ شامل ہیں۔

مزیدخبریں