حکومت بلدیاتی نظام کی بساط ہی لپیٹنے کی کوشش کر ر ہی ہے: یوسف رضا

Nov 08, 2018

ملتان (نمائندہ نوائے وقت) منتخب عوایم نمائندے پہلے ہی اختیارات کا شور مچا رہے ہیں جبکہ موجودہ حکومت نئے بلدیاتی نظام کی آڑ میں موجودہ بلدیاتی نظام کی بساط ہی لپیٹنے کی کوشش کر رہی ہے ان خیالات کا اظہار سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے گزشتہ روز سرپرست اعلیٰ کو نسلرز اتحاد پنجاب محمد یوسف انصاری کی قیادت میں آنے والے ارکان سے ملاقات کے موقع پر کیا انہوںنے کہا کہ ہم جمہوریت کا واویلا تو کرتے ہیں لیکن جب بات گراس روٹ لیول پر عوامی نمائندوں کو اختیارات دینے کی آتی ہے تو ہم حقائق سے چشم پوشی کرتے ہوئے افسر شاہی کو خوش کرنے کے لئے عوامی نمائندوں کے حق پر ڈاکہ ڈال دیتے ہیں اور یہ روایت سال ہا سال سے چلی آ رہی ہے انہوںنے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور بلدیات کا نظام جمہوری تقاضوں کو پورا کئے بغیر کسی صورت نہیں چل سکتا اس سلسلے میں انہوںنے کونسلرز اتحاد کی جانب سے کی جانے والی جدوجہد پر حاجی محمد یوسف انصاری کو کہا کہ وہ ان کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور اس سلسلے میں کی جانے والی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت نے موجودہ بلدیاتی نظام ختم کرنے کی کوشش کی تو اس کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی اس سے قبل حاجی محمد یوسف انصاری نے ماہ رواں میں ملتان میں کونسلرز اتحاد پنجاب کے زیر اہتمام ہونے والی صوبائی کنونشن پر مدعو کیا۔

مزیدخبریں