تہران (این این آئی)ایران نے جمعرات سے فوردو کے اپنے جوہری مرکز کی سینٹری فیوج مشینوں میں یورینیم گیس بھرنا شروع کر دی ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جوہری توانائی کے ایرانی ادارے نے بتایا کہ یہ عمل نصف شب کے بعد شروع کر دیا گیا۔ فوردو کا یہ ایٹمی مرکز شیعہ مسلمانوں کے لیے مقدس شہر قم کی پہاڑیوں میں واقع ہے۔ بتایا گیا ہے کہ فوردو کی ایک ہزار سے زائد سینٹری فیوج مشینیں اس سے قبل یورینیم گیس کے بغیر ہی چلائی جاتی تھیں۔ اس طرح ایران 2015 کے عالمی جوہری معاہدے کی ایک اور شق سے دستبردار ہو گیا ہے۔ امریکا پہلے ہی اس کثیرالفریقی معاہدے سے الگ ہو چکا ہے۔