امریکی جریدے کی جانب سے کاروبار کیلئے پاکستان بہترین ملک قرار

Nov 08, 2019

اداریہ

معروف امریکی جریدے ’’فوربز ‘‘ نے اپنی حالیہ اشاعت میں پاکستان کو کاروبار کے لئے بہترین ملک قرار دے دیا ہے۔ کاروبار، سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں پر نظر رکھنے والے اس جریدے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کاروبار کے لئے بہترین ملک ہے اور اس کا شمار ان تین ممالک میں ہوتا ہے جنہوں نے رواں سال مجموعی طور پر مثبت پیش رفت کی ہے۔ اس حوالے سے پاکستان 32 ویں نمبر سے 14 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔
یہ بلاشبہ ہماری جری و بہادر عساکر پاکستان کی دہشت گردی کی جنگ میں بے مثال قربانیوں اور حکومت کی بہتر اقتصادی پالیسیوں کے ثمرات ہیں کہ آج اس پر دہشت گردوں کے سرپرست اور غیر محفوظ ملک ہونے کا لیبل اتر چکا ہے اور یہاں امن و آشتی کا ماحول فروغ پاتا دیکھ کر سیاحوں نے بھی پاکستان کا رخ کیا ہے اور بیرونی سرمایہ کار بھی سرمایہ کاری کے بہتر مواقع حاصل کرنے کے لئے پاکستان کو ترجیح دے رہے ہیں۔ ہمارے دیرینہ دشمن بھارت نے تو ہمیں دہشت گردوں کا سرپرست ملک قرار دلانے کی سازشوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی جس کے لئے اس نے افغانستان کو بھی اپنے دام میں پھنسایا اور امریکی صدر ٹرمپ کو بھی قائل کر لیا جو بھارتی ایماء پر آج بھی دہشت گردی کے خاتمہ میں پاکستان کے کردار پر تحفظات کا اظہار کرتے اور ہم سے ڈومور کے تقاضے کرتے نظر آتے ہیں جبکہ فی الحقیقت آج پاکستان قطعی محفوظ ملک بن چکا ہے اور اسی بنیاد پر آج پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی ممکن ہوئی ہے جبکہ سیاحت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں بھی ہمیں نمایاں کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں ۔ امریکی جریدے کی رپورٹ اسی امر کی عکاس ہے جس پر پوری پاکستانی قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔ ہمیں پاکستان کے سافٹ امیج میں اب کسی کو نقب لگانے کی اجازت نہیں دینی چاہئے۔

مزیدخبریں