لاڑکانہ (نامہ نگار) لاڑکانہ کے ڈینٹل کالج کی طالبہ نمرتا کی حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ عدالت میں جمع کرادی گئی۔ رپورٹ میں قتل یا خودکشی سے متعلق واضح مؤقف اختیار نہیں کیا گیا۔ لاڑکانہ کے آصفہ ڈینٹل کالج کی فائنل ایئر کی طالبہ نمرتا کی حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ ویمن میڈیکل افسر ڈاکٹر امرتا نے سیشن جج لاڑکانہ کی عدالت میں جمع کرادی ہے۔ رپورٹ میں نمرتا کی موت کی وجہ دم گھٹنا قرار دی گئی ہے۔ تاہم قتل یا خودکشی کے حوالے سے کوئی واضح مؤقف اختیار نہیں کیا گیا۔ لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز (لمس) جامشورو کی ڈی این اے رپورٹ کے مطابق نمرتا کے کپڑوں سے نامعلوم شخص کے نمونے ملے ہیں لیکن برآمد اجزاء نمرتا کے گرفتار ساتھی طلبہ مہران ابڑو اور شان میمن سے مماثلث نہیں رکھتے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نمرتا کے دل،گردوں، پھیپھڑوں اور دیگر حصوں میں نشے یا زہرخورانی کے شواہد بھی نہیں ملے۔ دوسری جانب پولیس سرجن شمس کھوسو کا کہنا ہے کہ نمرتا کا پوسٹ مارٹم کرنے والی ڈاکٹر امرتا کا بیان ابھی قلم بند نہیں ہوا ہے، پوسٹ مارٹم کے دوران نمرتا کے جسم پر تشدد کی کوئی علامت نہیں پائی گئی نہ جنسی زیادتی کا کوئی امکان موجو د ہے، پولیس واقعاتی شہادتوں سے اس گتھی کو سلجھا سکتی ہے۔
لاڑکانہ: نمرتا کی موت دم گھٹنے سے ہوئی، حتمی پوسٹمارٹم رپورٹ جاری
Nov 08, 2019