لاہور (اے پی پی) لاہور ہائیکورٹ نے نئے سلیبس کے تحت میڈیکل کالجز میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے خلاف دائر درخواست پر قرار دیا کہ میڈیکل کالجز میں داخلوں کے لیے انٹری ٹیسٹ نئے سلیبس کے تحت ہو گا۔ عدالت نے جاری فیصلہ میں کہا ہے کہ میڈیکل کالجز میں داخلوں کے لیے انٹری ٹیسٹ نئے سلیبس کے تحت ہو گا۔ طلبا سلیبس سے ہٹ کر آنے والے سوال پر اعتراض اٹھا سکیں گے۔ امتحان کے روز ہی طلبا کے اعتراض کو سن کر فیصلہ کیا جائے۔ طلبا کے درست اعتراضات کو اہمیت دی جائے۔ نئے سلیبس سے متعلق ایسے حالات پیدا نہیں ہوئے کہ عدالت اس میں مداخلت کرے۔ جسٹس عائشہ اے ملک نے طلبہ کی درخواستوں پر سماعت کی۔ جس میں نئے سلیبس کی بنیاد پر ایم کیٹ کے ٹیسٹ پر اعتراض اٹھایا گیا ہے اور عدالت کو بتایا گیا کہ طلبہ نے پرانے سلیبس کے تحت تیاری کی ہے اور اب نئے سلیبس کے تحت تیاری ممکن نہیں ہے۔