اسٹاک ایکسچینج مالیاتی سہولیات سے معاشی نمو و ترقی کا سبب ہیں، زبیر باویجہ

Nov 08, 2020

کرا چی(کامرس رپورٹر)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر زبیر باویجہ نے ایف پی سی سی آئی کے ہیڈ آفس کراچی میں ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں سلیمان مہدی چیئرمین پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو خصوصی طور پر گفتگو کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔اجلاس کے دوران ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر فیڈریشن زبیر باویجہ نے کہا کہ اقتصادی ترقی اور معاشی نمو کا حصول ایک قیمتی مقصد ہے۔غربت کے خاتمے محروم طبقات کو وسائل فراہم کرنے کا ایک طریقہ کار بھی ہے اس سے مساوات کو فروغ ملتا ہو اور ایک بہتر معاشرہ تشکیل پاتا ہے۔ یہ مقصدایسے ذریعہ سے حاصل کیا جاتا ہے جہاں دونوں طبقات جنھیں جدت طرازی اور ترقی کے لیے سرمایہ کی ضرورت ہوتی ہے اور جن کے پاس سرمایہ کاری کے وسائل ہوتے ہیں۔ وہ یہ کام منظم، محفوظ، شفاف اور مساو ات والے ماحول میں کرتے ہیں۔ اسٹاک ایکسچینج  اپنے خریداروں سے تجارتی رواداری کو فروغ دینے کی کوشش بھی کرتے ہیں، شفافیت، احتساب اور حصص کے خریداروں اور اہم اسٹیک ہولڈرز کے حقوق کے احترام کی ترغیب بھی دیتے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ اس میٹنگ کا مقصد یہ سمجھنا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج سرمایہ کاروں کے اعتماد اور سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ کرکے ملک میں سرمایہ کاری کی ترغیب کے لیے کس طرح کام کرتا ہے۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چیئرمین سلیمان مہدی نے "پاکستان کیپٹل مارکیٹس کے مواقع اور چیلنجز" پر ایک پریزنٹیشن کے ذریعے اسٹاک مارکیٹ کے نظام اور جدید حرکیات اور کو واضح کیا۔انہوں نے بتایا کہ ہم سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت ہیں۔ پاکستان کے شماریات بیورو (پی بی ایس) کے مطابق چاول کی برآمد اور کپاس اور دودھ کی پیداوار میں پاکستان کو چوتھا بڑا ملک قرار دیا گیا، آم، گنے اور کھجوروں کی پیداوار میں 5 واں بڑا، تانبے کے ذخائر میں چھٹا سب سے بڑا، کوئلے کے ذخائر میں 7 واں بڑا ملک قرار دیا گیا ہے۔فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے گری لسٹ میں شامل کرنے کے باوجود، سرحد پار سے مالی لین دین اور سرمایہ کاری پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ ایم پی اے ڈاکٹر عمران علی شاہ نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور معاشی سرگرمیوں میں نوجوانوں کی شرکت پر زور دیا۔خرم اعجاز نائب صدر ایف پی سی سی آئی نے چیئرمین پاکستان اسٹاک ایکسچینج، معزز مہمانوں اور شرکا کا شکریہ ادا کیا۔

مزیدخبریں