لاہور(نامہ نگار) لاہور کے مختلف علاقوں میںڈاکوئوںاور چوروںنے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مناواں کے علاقے رنگ روڈ پر محمود بوٹی کے قریب رنگ روڈ پولیس کی وردی میں ملبوس ڈاکوؤں نے اٹلی پلٹ شہری کو لوٹ لیا۔ ملزمان شہری سے 21 لاکھ روپے مالیت کے ساڑھے 10ہزار یورو لوٹ کر فرار ہو گئے۔ متاثرہ شہری ایئرپورٹ سے نکل کر اپنی فیملی کے ہمراہ سیالکوٹ جا رہا تھا کہ کار میں رنگ روڈ کے قریب پولیس وردی میں ملبوس 4 ملزموں نے گاڑی کو روک لیا، تلاشی لینے کے بہانے بیگ سے نقدی نکال کر فرار ہو گئے۔ ڈیفنس کے علاقے میں چوروں نے کھڑکی کاٹ کر ریحان کے گھر گھس کر 16 لاکھ کی نقدی، زیورات اور الیکٹرانکس سمیت دیگر سامان چوری کر لیا اور فرار ہو گئے ہیں جبکہ گلشن اقبال کے علاقے میں دکان سے ساڑھے 3 لاکھ روپے مالیت کی نقدی و سامان چوری ہو گیا۔ گرین ٹاؤن کے علاقے میں 3 مسلح ڈاکو گاہک بن کر عماد کی دکان میں داخل ہوئے اور 4 لاکھ روپے مالیت کی نقدی وموبائل فون لوٹ لئے۔ ڈکیتی کی دیگر وارداتوں میں لوئر مال کے علاقے سے 2 لاکھ 45 ہزار، غازی آباد کے علاقے سے 2 لاکھ، ہنجروال سے 90 ہزار، شادمان سے 80 ہزار، باغبانپورہ سے گن پوائنٹ پر 75ہزار، جوہر ٹاؤن سے 62 ہزار، کاہنہ سے 40، گجر پورہ کے علاقے سے 21 ہزار روپے نقدی اور موبائل فونز لوٹ لیے گئے اور فرار ہو گئے۔ چوروںنے ڈیفنس، مانگا منڈی، شاہدرہ اور مزنگ کے علاقوں سے چار کاریں، باٹا پور اور سندر کے علاقوں سے دو رکشے جبکہ گلشن راوی، نشتر کالونی، قائد اعظم انڈسٹریل سٹیٹ، ستوکتلہ، رائیونڈ سٹی، گرین ٹاؤن، نولکھا، فیکٹری ایریا، مصطفی ٹاؤن، داتا دربارکے علاقوں سے 10 موٹرسائیکلیں چوری کر لی ہیں۔