انتخابات میں دھاندلی کا خاتمہ اصلاحات سے ہی ممکن ہے: حسان خاور 

Nov 08, 2021


لاہور (نیوز رپورٹر) معاون خصوصی وزیرِاعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسّان خاور نے کہا ہے کہ این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی انتخاب کے بارے میں رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع ہے۔ الیکشن کمیشن خود بھی بے ضابطگیوں کے ذمہ داران کے خلاف ایکشن کرے گا اور رپورٹ میں جن لوگوں کے نام آئے ہیں۔ حکومت بھی ان کے خلاف کارروائی کرے گی۔ انتخابات میں دھاندلی کی شکایات کا خاتمہ انتخابی اصلاحات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ مگر اپوزیشن کو الیکشن چوری کرنے کی عادت ہے۔ اس لئے وہ انتخابی اصلاحات سے خوفزدہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں کہا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جامع انتخابی اصلاحات پہلے دن سے ہی پی ٹی آئی کے ایجنڈے میں بھی شامل ہیں۔ حسان خاور نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن سیاست اور احتجاج اگر سڑک پر ہی کرنا چاہتی ہے تو پارلیمان میں عہدوں سے چپکے رہنے کی بجائے استعفے دے کر گھر بیٹھ جائے۔ چینی کی قیمت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام نوے روپے فی کلو پر دستیاب درآمد شدہ چینی استعمال کر کے ناجائز منافع خور شوگر ملز کے خلاف حکومت کا ساتھ دیں۔ وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی سخت ہدایات پر چینی مافیا کے خلاف بھرپور ایکشن کی وجہ سے مقامی چینی کی قیمت میں واضح کمی ہوئی ہے۔  

مزیدخبریں