میکسیکو سٹی (نیٹ نیوز) میکسیکو کے شہر پیوبلا میں تیز رفتار ٹرک نے ایک مصروف پل پر کاروں کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق میکسیکو کے دارالحکومت کو وسطی شہر پیوبلا سے ملانے والی ہائی وے پر شیمپو سے لدا تیز رفتار مال بردار ٹرک 6 گاڑیوں پر چڑھ دوڑا جس سے گاڑیوں میں آگ بھڑک اْٹھی۔ فائر بریگیڈ نے گاڑیوں پر لگی آگ کو بجھایا جبکہ جائے وقوعہ سے 20 سے زائد افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں 19 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی ہے جبکہ 3 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ ٹرک کا بریک فیل ہوجانا لگتا ہے تاہم ابھی تفتیش جاری ہے۔ ٹرک ڈرائیور بھی حادثے میں مارا گیا۔ ٹرک کے بریک ایک بوتھ سے ٹکرانے کی وجہ سے فیل ہوئے تھے۔ حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔