اسلام آباد میں کامیاب جوان کنونشن آج، مشیر خزانہ شوکت ترین مہمان خصوصی ہونگے

Nov 08, 2021

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) اسلام آباد میں کامیاب جوان کنونشن آج منعقد ہوگا۔ مشیر خزانہ شوکت ترین تقریب میں بطور  مہمان خصوصی  شرکت کرینگے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ حکومت جوانوں کی فلاح و بہبود کے لئے تمام شعبوں بشمول روزگار، تعلیم اور تعمیری سرگرمیوں کے منصوبوں پر سرگرم عمل ہے، کامیاب جوان لون اسکیم کے تحت تقریباً 30 ارب روپے کے قرضوں کی منظوری دی جا چکی ہے۔ ملک بھر میں کاروبار کرنے کے خواہشمند نوجوانوں میں 23.5 ارب روپے کے قرضہ جات کی تقسیم مکمل ہو چکی ہے۔ ملک کے تمام صوبوں کے جوان بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کامیاب جوان پروگرام سے مستفید ہو رہے ہیں۔ عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ 10 ارب کے ہنرمند پاکستان پروگرام کا ہدف 1 لاکھ ستر ہزار نوجوانوں کو ہنرمند بنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کامیاب جوان کے بینر تلے نوجوانوں کے لئے غیرنصابی اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے 4 ارب روپے کے منصوبوں کا آغاز کر چکے ہیں۔ عثمان ڈار نے کہا کہ نوجوانوں کی سہولت اور رہنمائی کے لئے ملک بھر کی سرکاری یونیورسٹیوں میں کامیاب جوان مراکز قائم کر رہے ہیں۔ ان کامیاب جوان مراکز سے 20 لاکھ نوجوان مستفید ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان انوویشن لیگ کے تحت 500 سٹارٹ اپس کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ جب کہ گرین یوتھ موومنٹ کے ذریعے ماحولیاتی تبدیلی اور صحت کے حوالے سے سرگرمیاں شروع کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیلنٹ ہنٹ اور اسپورٹس اکیڈمیز کے منصوبوں کے تحت ملک بھر میں نوجوانوں کے لئے کھیلوں کی سرگرمیوں کا آغاز  کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں