مقابلے کا رجحان بچوں کی ذہنی نشوونمامیںاہم کرداراداکرتاہے، مقررین

Nov 08, 2021

کراچی ( سٹی نیوز) ہیومن ہیلپ ویلفیئر ٹرسٹ کے تعلیمی ادارے ایچ ایچ اسلامک اکیڈمی کے تین روزہ تربیتی کنونشن کے اختتام پراکیڈمی کے ایڈمنسٹریٹرمفتی محمدحفیظ اللہ ہادیہ کے زیرسرپرستی تقریب تقسیم اسناد کا انعقاد کیاگیا جس میں پاک امن ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین سعید احمد بیگ، پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنمارضاخان اور جے یوپی رہنماملک محمدشکیل قاسمی نے خصوصی شرکت کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ جن معاشروں میں بڑوں کاادب اور احترام ختم ہوجاتاہے وہ معاشرے مٹ جاتے ہیں، آج ہمارامعاشرہ تیزی سے روبہ زوال ہے، ترقی کے اس دورمیں ہم زوال کی جانب جارہے ہیں ،لیکن ہم باالکل مایوس نہیں ہیں ، ہماری نوجوان نسل انتہائی باصلاحیت ہے ،ہمیں یقین ہے کہ اگلادورملکی ترقی اور خوشحالی کا ہوگا۔تقریب تقسیم اسناد کے حوالے سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے سعید احمدبیگ نے کہاکہ مقابلے کا رجحان بچوں کی ذہنی نشوونمامیں اہم کرداراداکرتاہے لہٰذامسابقتی پروگرامز ہوتے رہناچاہئیں،ہمارامعاشرہ اسی صورت میں عروج پاسکتاہے جب ہر ایک اچھے کاموں میں سبقت لے جانے کی کوشش کرے۔ مہمان خصوصی رضاخان نے اپنے خطاب میں کہاکہ ہمارے بچوں میں صلاحیت کی کمی نہیں ہے اور نہ ہی ہمارے بچے کسی اور ملک کے بچوں سے صلاحیتوں میں کم ہیں ،بس ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کی صلاحیتوں کو نکھارا اور سنوارا جائے ،اس سلسلے میں ایچ ایچ اسلامک اکیڈمی کا کردارلائق تحسین وتقلید ہے جس نے بچوں کی تربیت کے لئے کنونشن کا انعقاد کیا۔ ملک محمدشکیل قاسمی نے کہاکہ اساتذہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ قوم کے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کریں اور وہ یہ ذمہ داری بحسن وخوبی سرانجام دے رہے ہیں،دوسری جانب والدین پر اساتذہ سے کہیں زیادہ بھاری ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کی تربیت کے لئے باقاعدہ وقت نکالیںاور انہیں وقت دیں ۔انہوں نے کہاکہ اصلاح معاشرہ ہم سب کی ذمہ داری ہے ،سب مل کر اپنی ذمہ داریوں کو نبھائیں گے تو حقیقی معنوں میں ایک فلاحی معاشرہ قائم ہوسکتاہے۔ اکیڈمی کے ایڈمنسٹریٹر وچیئرمین ہیومن ہیلپ ویلفیئر ٹرسٹ مفتی محمدحفیظ اللہ ہادیہ نے تمام مہمانان گرامی کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ ہم نے اپنے حصے کا کام شروع کردیا ہے یقیناً یہ تین روزہ تربیتی کنونشن بارش کا پہلاقطرہ ثابت ہوگا۔حقیقت یہی ہے کہ معاشرے کے ہرفرد کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرناہوگا ۔اسی صورت میں ہماری بقاہے ورنہ ذلت ورسوائی کے سواہمارے پلے کچھ بھی نہ ہوگا۔قبل ازیںمہمانان گرامی نے بہترین کارکردگی کے حامل طلباء وطالبات میں اسناد تقسیم کیں۔

مزیدخبریں