کراچی ( نیوز ڈیسک) مدارس دینیہ کراچی سندھ کے مرکزی پریس کو آرڈینیٹر عبدالرحمان عابد حقانی نے محمدی سیمینار ہال میں ضلع ملیر کی سیاسی ، سماجی شخصیات اور نوجوانوں کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ثقافتی کلچر اور پاکستانی ڈراموں میں عورت کے تقدس کو بے وفائی کے لبادے میں ٹی وی اسکرین اور ویڈیوز میں وائرل کرکے پامال کیا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ مغربی تہذیب اور ان کے بے ہودہ ڈراموں کی نقالی کرنے والے مسلمان آرٹسٹ اور ڈرامہ نگار ہر وقت رب تعالیٰ کے عذاب کو دعوت دیتے رہتے ہیں انہوںنے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ فلم انڈسٹری اور ڈراموں کی تاریخ ایک صدی سے بھی کم پر محیط ہے ۔ لیکن آج سے (1400) سو سال قبل محمد عربیﷺ ،خلفائے راشدین ، صحابہ کرام اور معزز عزت مآب اماں عائشہ ؓ ،صحابیات کی اسلامی تاریخ کی اگرورق گردانی کریں تو ہمیں من حیث القوم یہ پتہ چلتا ہے کہ انہوں نے اپنی زندگی کا ایک ایک لمحہ پاکیزگی وطہارت اور رب تعالیٰ کا خوف دل ودماغ میں جاںگزیںکرکے گزارا ہے ہمیں انفرادی اوراجتماعی زندگی میں ان پاکباز ہستیوںکو اپنی دنیاوی ااور ابدی زندگی کا طویل سفر طے کرنے کیلئے انہیں اپنا آئیڈیل بنانا ہو گا ۔عابد حقانی نے کہا کہ ہم اپنی مرضی کی زندگی گزارکر رب تعالیٰ کی رحمتوں اور برکتوںکے حقدار نہیں بن سکتے انہوںنے کہاکہ ــــ(صراطِ مستقیم ) والا ایک ہی راستہ ہماری عارضی اور ابدی زندگی سنوارنے کا سبب بن سکتا ہے ۔ یہی ہماری زندگی کا حقیقی ماحصل ہے ۔