سکھر (بیورو رپورٹ) سکھرانتظامیہ کی غفلت سے تفریحی پارک اجڑنے لگ گئے، لب مہران سمیت دیگر پارکوں میں جاری ترقیاتی کام مکمل نہ ہوسکے ، ناقص انتظامات کے سبب لوگ آنے سے گریزاں، تفریحی سہولیات فراہم کرنے کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں،شہریوں کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق سکھر میں ضلعی انتظامیہ کی غفلت اور منتخب نمائندوں کی عدم توجہی کے باعث سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر میں قائم تفریحی پارک اجڑنے لگ گئے محمد بن قاسم پارک ، لب مہران اور لطیف پارک سمیت دیگر علاقوں میں خطیر رقم سے ازسرنو تعمیرات و بچوں کے جھولوں سمیت چار دیواری بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار دکھائی دیتی ہے جبکہ تفریحی مقامات پر ناقص انتظامات کے سبب گندگی کے ڈھیربھی انتظامیہ کی کارکردگی کا ثبوت پیش کررہے ہیں چند ماہ قبل دریائے سندھ کے کنارے لب مہران میں قائم تجاوزات کے خلاف آپریشن کرکے تجاوزات تو ختم کردی گئی تھیں لیکن افسوس لب مہران کی ناتو تزئین و آرائش مکمل ہوسکی ہے بلکہ ہٹائے جانے والے جھولے و دیگر سامان بھی کوڑے میں تبدیل ہو رہا ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ سندھ کے تیسرے بڑے شہر میں لوگوں کو تفریح مہیا کرنے کیلئے بنائے جانے والے مقامات کی صورتحال انتہائی خراب ہے جس کے باعث لوگوں نے ان مقامات کا رخ کرنا چھوڑ دیا ہے اور وہ اپنی فیملی کے ہمراہ شہر سے باہر قائم تفریحی مقامات کی طرف جانے پر مجبور ہیں ،انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ عوام کو تفریحی سہولیات کی فراہمی کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں۔
سکھر انتظامیہ کی غفلت سے تفریحی پارک اجڑ گئے‘ ویرانی کا راج
Nov 08, 2021