ہوشرباگرانی پر حکومت مخالف مظاہروں میں شدد آگئی


 حیدرآبادلاڑکانہ‘ سکھر‘ میرپورخاص‘ نواب شاہ(نامہ نگاران) بڑھتی ہوئی گرانی کے ساتھ ہی عوام کے غیض و غضب میں بھی اضافہ ہورہا ہے عوام نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کردیا عوامی حلقوں کے مطابق غریب اور متوسط طبقہ پہلے ہی اذیت دینے والی مہنگائی سے دوچار ہیں اور لوگوں کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہو گیا ہے حالیہ پیٹرولیم مصنوعات میں ہونے والے اضافے کے بعد مہنگائی کا گراف مزید کتنا بڑھے گا یہ سوچ کر ہی عوام پریشان ہیں تیل کی قیمت بڑھنے سے ہر چیز کے نرخ بڑھ جائیں گے کھانے پینے کی بنیادی اشیاء  کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں جس کے سبب ایک عام آدمی کی قوت خرید ختم ہوتی جارہی ہے جھڈو سے نامہ نگار کے مطابق حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں سے عوام میں شدید مایوسی پیدا ہورہی ہے جس کے سبب عوام کا حکومت پر اعتماد ختم ہو گیا ہے عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں کیا ہوا اضافہ فوری واپس لیا جائے اور اشیاء  خوردونوش کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے۔سکھر سے بیورو رپورٹ کے مطابق ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی ، بے روزگاری ، پیٹرولیم مصنوعات سمیت ادویات ، بجلی،گیس ، چینی ، اشیاء خوردنوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف ملک کے دیگر شہروں کی طرح سکھر کی عوام بھی سڑکوں پر نکل آئی ہے ، سکھر کے مصروف ترین کاروباری و تجارتی مرکز گھنٹہ گھر چوک پر سکھر ڈویلپمنٹ الائنس کے زیر اہتمام عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف  ٹائر نذرآتش کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور موجودہ حکومت کے خلاف فلگ شگاف نعریباز کی کی گئی ، مظاہرے کی قیادت سکھر ڈویلپمنٹ الائنس کے چیئرمین حاجی جاوید میمن نے کی اس موقع پر انہوں نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حاجی جاوید میمن و دیگر کا کہنا تھا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری کے باعث غریب کیلئے جینا عذاب ہو چکا ہے ۔حاجی جاوید میمن و دیگر رہنمائوں نے موجودہ حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ فی الفور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے موثر اقدام کئے جائیں اور عوام کو ریلیف فراہم کرکے ان میں پائی جانیوالی بے چینی اور مایوسی دور کی جائے۔جام نوازعلی  سے نامہ نگار کے مطابق امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے رات کے اندھیرے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ عوام دشمنی کا کھلا ثبوت ہے پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے نااہل حکمرانوں نے ثابت کردیا ہے کہا انہیں عوامی تکالیف سے کوئی سروکار نہیں ہے آج ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں ڈالر کی اونچی اڑان، روپے کی بے قدری،  مہنگائی اور بیروزگاری نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں  موجودہ حکومت آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر توانائی کی تمام اشیاء اور روزانہ استعمال کی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کرکے غربت کی بجائے غریبوں کو ختم کرنے کے مشن پر ایمانداری سے عمل کررہی ہے۔ٹنڈومحمدخان سے نامہ نگار کے مطابق سندھ ترقی پسند پارٹی سٹی ٹنڈومحمدخان کی جانب سے  اسٹیشن روڈ سے احتجاجی ریلی نکالی گئی اور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے دھرنا دیا گیا ، اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سندھ ترقی پسند پارٹی کے مرکزی رہنماء  ڈاکٹر احمد نوناری ، اقبال ہاجانو ، سارنگ شاہ ، انیس ساٹی ، جمن ملاح، منور سومرو ودیگر نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں ملک سے بدامنی اور بیروزگاری کا خاتمہ کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں، ملک میں مہنگائی نے اپنے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں ، جس کے باعث غریب آدمی دو وقت کی روٹی کیلئے بھی پریشان ہے ، نوجوان بیروزگاری کے باعث خودکشی کرنے پر مجبور ہیں۔مہنگائی، بیروزگاری اور سودی نظام کیخلاف جماعت اسلامی کے تحت لاڑکانہ میںصوبائی جنرل سیکریٹری اور ضلعی امیر قاری ابو زبیر جکھرو کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پر ’’مہنگائی ختم کرو،گو نیازی گو،تبدیلی سرکار مردہ باد‘‘ کے نعرے درج تھے۔ اس موقع پر مظاہرین نے پی ٹی آئی حکومت کیخلاف زبردست نعرے بازی بھی کی۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کاشف سعید شیخ نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت جب بڑھتی ہے تو ہر چیز مہنگی ہونے لگتی ہے۔  حکومتیں تیل کی قیمت پر کڑی نظر رکھتی ہیں لیکن پاکستان میں حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ کرتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا دیا ہے ۔

ای پیپر دی نیشن