کلرسیداں(نامہ نگار)عالمی باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ وہ رہتے برطانیہ میں ہیں مگر ان کا دل ہر وقت پاکستان کے لیئے دھڑکتا ہے وہ یہاں کے لوگوں کے مسائل کے حل کے علاوہ پاکستان کی باکسنگ اور فٹبال کو اولمپکس سطح تک لے کر جانا چاہتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو کلرسیداں کے قریب گاؤں بھورہ حیال میں اپنی جانب سے اے کے خان ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔جس کے لیئے دوبئی میں مقیم معروف کاروباری عبدالمجیدمغل نے پندرہ کنال آراضی کا عطیہ دیا۔عامر خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ پاکستان کے لیئے کچھ کرنے کو بیتاب رہتے ہیں اپنے آبائی علاقہ میں ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ کر آج مجھے بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے اس ہسپتال کے لیئے میں برطانیہ میں فنڈز ریزنگ کروں گا اور ایک ایسا ہسپتال بناوں گا جس کی اہمیت کو ملک کے طول وعرض میں محسوس کیا جائے گا ۔یہ ہسپتال بالکل فری ہو گا یہاں نہ صرف علاج فری ہو گا بلکہ ادویات بھی مفت فراہم کی جائیں گی ۔انہوں نے کہا کہ باکسنگ میری پہچان ہے میں برطانیہ میں رہ کر بھی پاکستان کے لیے بہت کچھ کرنا چاہتا ہوں میں پاکستان میں باکسنگ اور فٹبال کو اولمپکس تک لے کر جانا چاہتا ہوں ۔پاکستان میں کھیلوں کے فروغ سے دنیا کو بتائیں گے کہ پاکستان کھیلوں کے لیئے انتہائی پرامن ملک ہے۔