فیصل آباد، سرگودھا، رائیونڈ، گجرات، شرقپور، پشاور (نمائندگان خصوصی، نامہ نگاران، نوائے وقت رپورٹ) ملک کے بیشتر علاقوں میں چینی کا بحران جاری ہے۔ پنجاب میں ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کیخلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ فیصل آباد، سرگودھا، رائیونڈ، گجرات ، شرقپور سمیت متعدد شہروں میں درجنوں ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کیخلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ اوپن مارکیٹ میں چینی اکثر مقامات پر غائب یا کم جبکہ بلیک میں اس کی فروخت جاری ہے۔ فیصل آباد کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے گزشتہ روز مہنگے داموں چینی فروخت کرنے پر 15 دکانیں سیل، 8 دکانداروں کے خلاف مقدمات درج اور پانچ افراد کو گرفتار کرا دیا۔ علاوہ ازیں دو ہزار سے زائد انسپکشنز کر کے 132 ناجائز منافع خوروں کو 3 لاکھ 9 ہزار روپے جرمانہ اور51 مقامات پر ذخیرہ اندوزی کو بھی چیک کیا۔ سرگودھا میں ضلعی انتظامیہ نے زخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن میں مزید کئی دوکانات کو سیل اور متعدد کو جرمانہ کرتے ہوئے مقدمات بھی درج کروا دیئے۔ کریک ڈاؤن میں ذخیرہ اندوزی کرنے پر 50 کلوگرام کے1000 گٹو چینی قبضے میں لے کر 5 سٹورز کو سیل کردیا گیا اور 2 کے خلاف مقدمات درج کئے گے۔ سرگودھا لاہور روڈ کے قصبہ بھاگٹانوالہ میں 50 کلوگرام کے 392 گٹو چینی جس کی مالیت تقریبا 000 ,64 ,17روپے بنتی ہے اور گھی کے 16کلوگرام وزن کے 2308کارٹن(مقدار 37000 لیٹر ) جس کی کل مالیت 600 ,24 ,14 ,1روپے بنتی ہے قبضے میں لیے گئے۔ رائیونڈ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے دکاندار ملزمان میں محمد ارشد اور محمد خالد کو رائیونڈ سٹی تھانہ پولیس کے حوالے کر دیا۔ اسسٹنٹ کمشنر عدنان رشید نے رائیونڈ شہر میں مختلف جگہوں پرچھاپے مارے اور کافی مقدار ذخیرکی ہوئی چینی برآمد کی۔گجرات میں چینی نایاب فی کلو قیمت 160سے تجاوز بیشتر یوٹیلٹی سٹور سے بھی چینی غائب کر دی گئی ضلع گجرات سمیت گردونواح میں چینی نایاب ہو گئی جبکہ عام دکانوں پر چینی 160روپے کلو سے بھی تجاوز کر گئی بعض علاقوں میں چینی کی قلت پیدا ہو گئی گزشتہ کئی روز سے چینی کی قیمتوں میں عدم استحکام کے باعث چینی ضلع سے نایاب ہونے لگی 110روپے فی کلو سے اچانک 160روپے فی کلو تک قیمت پہنچنے کے باوجود شہر کے بیشتر بڑے سٹوروں ، دکانوں سے چینی غائب ہو گئی۔ شرقپور میں حلوائی کی دکانوں کو چیک کیا تو حلوائی کی دکانوں کے اندر سے امپورٹڈ چینی کے 10 توڑے برآمد ہونے پر حمزہ ناصر‘ آصف عتیق وغیرہ کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کروا دیئے گئے۔ پشاور شہر میں چینی کے نرخ میں کمی نہ آ سکی اور چینی 175 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے غلہ مارکیٹ اشرف روڈ میں چینی کی بوری 7 ہزار 200 روپے میں فروخت ہونے لگی ہے تاجروں کا کہنا ہے کہ چینی کے پرچون اور ہول سیل میں فی کلو 200 روپے تک پہنچنے کے امکانات ہیں تاجروں کا کہنا ہے کہ اشرف روڈ ‘ رام پورہ‘ پیپل منڈی‘ سبزی منڈی‘ جی ٹی روڈ‘ حیات آباد سمیت شہر کے مختلف مقامات پر ڈیلرز کے پاس چینی کا سٹاک ختم ہے۔