لاہور (سپورٹس رپورٹر) ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سپر 12 کے مرحلے میں پاکستان نے سکاٹ لینڈ کو با آسانی 72 رنز شکست دے دی۔پاکستان کا سیمی فائنل میں ٹاکرا آسٹریلیا کے ساتھ ہو گا۔ جبکہ نیوزی لینڈ نے افغانستان کو شکست دے دی جس کے بعد بھارت بھی ورلڈ کپ سے باہر ہو گیا۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 4 کھلاڑیوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔ پاکستان کی پہلی وکٹ چھٹے اوور میں گر گئی جب محمد رضوان 15 رنز بنا کر حمزہ طاہر کی گیند پر آئوٹ ہوئے۔ محمد رضوان کلینڈر ایئر میں ٹی 20 میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بن گئے۔ فخر زمان 13 بالز پر 8 رنز بنا کر کریس گریوز کی بال پر آئوٹ ہوئے۔ پاکستان کی تیسری وکٹ 112 رنز پر گری۔ محمد حفیظ 31 رنز بنا کر سفیان شریف کی گیند پر آئوٹ ہوئے۔ پاکستان کی چوتھی وکٹ 142 رنز پر گری اور بابر اعظم 47 بالز پر 66 رنز بنا کر کریس گریوز کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے۔ شعیب ملک نے 18 گیندوں تیز ترین نصف سنچری بنائی اور 54 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔ شعیب ملک نے ٹورنا منٹ میں لوکیش راہول کی تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ برابر کر دیا۔ شعیب ملک نے اننگز میں 6 چھکے لگائے۔ اور ٹی ٹونٹی میں تیز تیرن نصف سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے۔ شعیب ملک مین آف دی میچ قرار پائے۔ سکاٹ لینڈ کے کرس گریوز نے 2، سفیان شریف اور حمزہ طاہر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ پاکستان کے بابر اعظم ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے کسی بھی ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کپتان بن گئے۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے موجودہ ایڈیشن میں بابر اعظم نے 264 رنز بنا لئے ہیں۔ بابر اعظم نے سکاٹ لینڈ کے خلاف اننگز کے دوران سری لنکا کے سابق کپتان مہیلا جے وردھنے کا ریکارڈ توڑ دیا۔ مہیلا جے وردھنے نے 2012ء ورلڈ کپ میں بطور کپتان 201 رنز بنائے تھے۔ قبل ازیں آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں گروپ 2 کے اہم ترین میچ میں نیوزی لینڈ نے افغانستان کو شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ نیوزی لینڈ 125 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں با آسانی مکمل کرکے گروپ 2 سے سیمی فائنل میں پہنچنے والی دوسری ٹیم بن گئی۔ اس سے قبل گروپ 2 سے پاکستان پہلے ہی سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرچکا ہے۔ ابوظبی میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کے کپتان محمد نبی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ افغانستان کی ٹیم بیٹنگ کے دوران مشکلات کا شکار رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بناسکی۔ افغانستان کی جانب سے نجیب اللہ 73 رنز بنا کر نمایاں رہے، گلبدین نائب نے 15 اور محمد نبی نے 14 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے17 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ ٹم ساؤتھی نے 2 ، ایش سودی، ایڈم ملن اور جیمز نیشم نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ نیوزی لینڈ نے 125 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرکے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ کیویز کی جانب سے کپتان ولیم سن 40 اور ڈیون کونوے 38 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ گروپ 2 میں نیوزی لینڈ کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے بعد بھارت سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔ البتہ بھارت نے اپنا آخری میچ نمیبیا کیخلاف 8 نومبر کو کھیلنا ہے۔ ورلڈ کپ کے شیڈول کے حساب سے پہلا سیمی فائنل 10 نومبر کو شام 7 بجے ابوظہبی میں ہوگا جبکہ دوسرا میچ 11 نومبر کو شام 7 بجے دبئی میں ہوگا۔ ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کے حساب سے گروپ 1 کی پہلی پوزیشن والی ٹیم گروپ 2 کی دوسرے نمبر والی ٹیم سے سیمی فائنل میچ کھیلے گی اور گروپ 2 کی پہلی پوزیشن کی ٹیم گروپ 1 کی دوسرے نمبر والی ٹیم سے پنجہ آزمائی کرے گی۔ گروپ 1 میں انگلینڈ پہلے اور آسٹریلیا دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ گروپ 2 میں نیوزی لینڈ رن ریٹ کی وجہ سے پہلے اور پاکستان دوسرے نمبر پر ہے۔ پاکستان کا مقابلہ سیمی فائنل میں آسٹریلیا سے 11نومبر کو دبئی میں ہوگا۔ آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کا آخری میچ (آج) پیر کو بھارت اور نمیبیا کے مابین کھیلا جائیگا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہو گا۔وزیراعظم عمران خان نے قومی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی پرفارمنس پر قوم کو فخر ہے۔ قومی ٹیم کی کارکردگی ابھی تک متاثر کن رہی۔ وزیراعظم عمران خان نے بابر الیون کو سیمی فائنل کیلئے ’’ہیٹ آف لک‘‘ کہہ دیا اور کہا کہ انشاء اللہ ٹی 20- کی ٹرافی پاکستان آئے گی۔