عالمی سطح پر مہنگائی کے باوجود پاکستان بہتر رہا: عمران

Nov 08, 2021

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر شدید مہنگائی کے باوجود پاکستان نے دیگر ممالک کی نسبت بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ کرونا لاک ڈاؤن نے بیشتر ممالک کو بری طرح متاثر کیا۔ بین الاقوامی سطح پر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ ہوا۔ پاکستان دیگر ممالک کی نسبت بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ وزیر اعظم نے مشیر خزانہ کے ترجمان مزمل اسلم کا ایک ویڈیو کلپ بھی شیئر کیا جس میں  پاکستان کی معیشت کے بارے بعض غلط تصورات کو رد کر دیا گیا ہے۔ مزمل اسلم  نے فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سال ستمبر سے اکتوبر تک اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں 1.9 فیصد، ورلڈ سیریل انڈیکس میں 3.2 فیصد، خوردنی تیل کی قیمتوں میں 9.6 فیصد اور ڈیری مصنوعات کی قیمتوں میں 2.6 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ مزمل اسلم نے کہا کہ عالمی سطح پر افراط زر کے رجحان کے باوجود اکتوبر میں پاکستان کی برآمدات میں 17 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور اس سال یہ 30 بلین ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔ اس سال ٹیکسٹائل کی برآمدات 22 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔

مزیدخبریں