شرم الشیخ (نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا ہے کہ پاکستان ایک ترقی پذیر ملک ہے۔ رواں سال پاکستان کو سیلابی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔ دنیا بھر میں بدلتی موسمیاتی تبدیلی ایک بڑا چیلنج ہے۔ یوکرائن بحران نے معیشت پر تباہ کن اثرات ڈالے جس سے پاکستان بھی متاثر ہو۔ حکومت پاکستان کو اس وقت متعدد چیلنجز درپیش ہیں‘ پاکستان کو درپیش مسائل پر قابو پانے کیلئے عالمی برادری کردار ادا کرے۔ یوکرائن جنگ کے دوران پاکستانی وزیراعظم کے دورے کی غلط تشریح کی گئی۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کی‘ مستحکم افغانستان خطے کی سلامتی اور ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔ عمران خان پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ یوکرائن جنگ کے باعث فوڈ سکیورٹی متاثر ہوئی ہے۔ یوکرائن جنگ کے باعث تیل کی عالمی قیمتوں کا اثر پاکستان پر بھی پڑا ہے۔ یوکرائن جنگ پر کس کا کیا مؤقف ہے کوئی غیر جانبدار ہے یا کوئی روس کے پہلو سے رائے رکھتا ہے۔ سب کی رائے ہے یوکرائن تنازع ختم ہو تاکہ انسانیت کو ماحولیات جیسے درپیش خطرات پر توجہ دے سکیں۔