رمیز راجہ دبئی کیلئے روانہ، میلبورن بھی جائیں گے


لاہور(سپورٹس رپورٹر)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ دبئی روانہ ہوگئے ہیں، جہاں سے وہ 10 نومبر کو میلبورن جائیں گے۔ذرائع کے مطابق رمیز راجہ دبئی میں 2 روزہ قیام کے دوران مختلف شیڈولڈ میٹنگز میں شریک ہوں گے، اْس کے بعد وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اجلاس میں شرکت کیلئے آسٹریلیا جائیں گے۔ذرائع کے مطابق آئی سی سی کی بورڈ میٹنگ 13 نومبر کو میلبورن میں شیڈولڈ ہے، اسی دن ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل بھی کھیلا جائے گا۔ذرائع کے مطابق آئی سی سی کی بورڈ میٹنگ سے قبل ایگزیکٹوز میٹنگ ہوگی، اس کے لیے سی ای او پی سی بی فیصل حسنین 9 نومبر کو میلبورن کے لیے روانہ ہوں گے ۔ذرائع کے مطابق آئی سی سی اجلاس کی سائیڈلائنز پر ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس کا بھی امکان ہے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں ایشیا کپ کی منتقلی کے فیصلے سے متعلق سخت موقف اختیار کرے گا۔

ای پیپر دی نیشن