ؒٓلاہور(سپورٹس رپورٹر)سابق آسٹریلوی آل رائونڈر شین واٹسن بھی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے فائنل میں پاکستان بھارت کو دیکھنے کے خواہش مند ہیں۔انہوںنے کہا کہ ہر کوئی فائنل میں پاکستان اور بھارت کو دیکھنا چاہے گا، ان دونوں ٹیموں کے درمیان 2007میں فائنل میں مقابلہ ہوا تھا، اب ہر کوئی ایک بار پھر فائنل میں دونوں ٹیموں کو دیکھنا چاہے گا، کئی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ ایک ٹیم لائن کراس کر چکی ہوتی ہے پھر ایسا راستہ ملتا ہے کہ فائنل جیت جاتی ہے، پاکستان ٹیم سیمی فائنل میں آزاد ہو کر کھیلے گی، کوئی بھی ان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی توقع نہیں کر رہا تھا ،جب ان سے کسی کو توقع نہیں تھی تو اب وہ آزادی سے کھیلیں گے۔ بدقسمتی سے میں سپر 12 میں میلبورن کرکٹ گرائونڈ میں پہلا مقابلہ نہیں دیکھ سکا تھا، میں تب اس سے پہلے آسٹریلیا نیوزی لینڈ میچ کی کمنٹری کر رہا تھا جو بھی وہ میچ دیکھنے کیلئے گیا اس نے یہی کہا کہ یہ ایک سپیشل میچ تھا تاہم ٹی وی پر بھی میچ دیکھنا شاندار تھا۔ نیدرلینڈز کرکٹ ٹیم کے آل رائونڈر کولن ایکرمین پاکستان‘ بھارت فائنل کے منتظر ہیں۔ ٹوئٹر پر کولن ایکرمین نے بھارتی سوشل میڈیا صارف کو پاکستان بھارت فائنل میچ کی خواہش ظاہر کرکے لاجواب کر دیا۔ صارف نے لکھا تھا کہ اگر بھارت زمبابوے کو شکست دیتا ہے تو نیدرلینڈز کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024ء میں براہ راست کوالیفائی کرنے میں مدد ملے گی۔بھارتی صارف کو کرارا جواب دیتے ہوئے کولن ایکرمین نے کہا کہ معذرت بھائی، ہم پہلے ہی کوالیفائی کر چکے ہیں۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے ۔ شکریہ ۔اس کے ساتھ ہی آل رائونڈر کولن ایکرمین نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان بھارت ٹاکرا دیکھنے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔